OICاپنی مجرمانہ پالیسی ترک کرکے غزہ میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لے،شیخ عقیل الرحمن

ہفتہ 2 اگست 2014 13:32

مظفرآباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اگست۔2014ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہOICاپنی مجرمانہ پالیسی ترک کرکے غزہ میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لے،اسلامی ممالک کے حکمران زبانی بیان بازی کے بجائے عملی جدوجہد نہیں کریں گے تب تک مسئلہ حل نہیں ہو گا،ایٹمی پاکستان کے سپہ سالار کی خاموشی سوالیہ نشان ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید ملن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ جب میاں نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کیے تھے اس وقت یہ اعلان کیا تھا کہ یہ مسلم دنیا کے لیے ہیں اور دنیا میں جہاں مسلمان مظلوم و محکوم ہوں گے یہ اپناکردار ادا کریں گے مگر آج ان کی خاموشی بھی لمحہ فکریہ ہے انہوں نے کہا کہ مسلم حکمران آج اسرئیل کے ایجنڈے اور امریکہ کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اور امریکہ کو ناراض نہیں کرنا چاہتے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا دہرا معیار سب کے سامنے کھل کر آگیا ہے یہ مسلم دشمنی کا واضح ثبوت ہے ،اقوام متحدہ کی غزہ پر ظلم وستم پر خاموشی ایک لونڈی کا کردا ر واضح کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ یورپ میں اسلامی ممالک سے زیادہ منظم اور بڑے احتجاج کیے گئے مگر مسلم ممالک میں مسلمان حکمرانوں کی غفلت کی وجہ سے ہم ان کے ساتھ یکجہتی بھی نہیں کر سکے انہوں نے کہا کہ جب تک اسلامی ممالک کے حکمران اسرائیل کو غزہ پر جارحیت ختم کرنے کا نوٹس نہیں دیں گے اسرائیل دہشت گردی سے باز نہیں آئے گا،وہ تمام اسلامی ممالک جنہوں نے اسرائیل جیسی دہشت گرد ریاست کو تسلیم کیاہوا ہے وہ فوری طور پر ان تعلقات کو ختم کرنے کا اعلان کریں اپنے سفیر واپس بلائیں اور ان کے سفیروں کو واپس کریں ،مٹھی بھر یہودی ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے قبلہ اول پر قابض ہیں یہ ہماری غیر ت اور حمیت کے لیے چیلنج ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے اجتماع اور عید ملن کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر ضلع عثمان انور،امیر جماعت اسلامی حلقہ وسطی باغ نثار شائق،تنویر خان،عبدالمنان گوہر،مولانا ہدایت اللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اقوام متحدہ بڑی طاقتوں کی لونڈی بن چکی ہے ،امریکہ اور پورپ سمیت مغربی ممالک کا کشمیر اور فلسطین بارے ایک ہی ایجنڈا ہے،فلسطین اور کشمیر کی آزادی جہاد فی سبیل اللہ ہی سے ممکن ہے امت مسلمہ کے حکمران یکسوئی اختیار کریں امت کے احساسات اور جذبات کی ترجمانی کریں،انہوں نے کہا کہ دنیا کے 80ممالک سے دہشت گرد صہیونی فلسطین میں جمع ہو کر مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں،مغرب اور امریکہ تماشہ دیکھ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ایسے مشکل وقت میں ہمیں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :