اہم شخصیات اور حلقے حکومت اورتحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے لیے سرگرم

ہفتہ 2 اگست 2014 13:26

اہم شخصیات اور حلقے حکومت اورتحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے لیے سرگرم

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2اگست 2014ء) وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان موجودہ سیاسی تنازع کو طے کرانے کے لیے پس پردہ اہم سیاسی شخصیات اورحلقے سرگرم ہوگئے ہیں ۔ ان شخصیات اورحلقوں نے وفاق اور تحریک انصاف کوپیغام دیا ہے کہ وہ موجودہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعہ نکالیں اور سیاسی اختلافات کو سیاسی طریقے سے حل کیا جائے اور ملک کو انتشار کی کیفیت میں نہ ڈالا جائے ، باخبر ذرائع نے بتایا کہ معاملے کو طے کرانے کے لیے سندھ کی ایک بہت اہم سیاسی شخصیت کو ثالث کے طور پر معاملہ حل کرانے کے لیے پس پردہ اہم ذمے داری دینے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے اور دونوں کو کہا گیا ہے کہ اس ثالث کی موجودگی میں مذاکرات کے ذریعہ حل کرایا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سے طاہر القادری ایم کیو ایم کی قیادت سے بھی رابطے میں آگئے ہیں اور انھوں نے ایم کیو ایم کی قیادت کو اہم پیغام بھیجا ہے اور انھیں کہا ہے کہ وہ موجودہ حکومت مخالف مہم میں عوامی تحریک کا ساتھ دیں ،تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال حکومت سے مذاکرات کا کوئی پروگرام نہیں ہے ،اگر حالات گھمبیر نظر آئے اور ملکی مفاد میں کوئی فیصلہ کرنا پڑا تو کور کمیٹی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کا فیصلہ کرے گی، دوسری جانب حکومت کی کوشش ہے کہ معاملہ مذاکرات سے حل کیا جائے اورمذاکراتی آپشن کے لیے دو صوبوں کے گورنرز،ایک سیاسی جماعت کے سربراہ اور اہم حلقے مختلف ذرائع سے حکومت اور تحریک انصاف سے رابطے میں ہیں اور حکومتی سیاسی رابطہ کار اور ایک وفاقی وزیر بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :