آسٹریلوی جوڑنے نے بیماربچہ پیداکرنے پر کرائے کی ماں کو واپس کردیا

ہفتہ 2 اگست 2014 11:26

آسٹریلوی جوڑنے نے بیماربچہ پیداکرنے پر کرائے کی ماں کو واپس کردیا

کینبرا/بینکاک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اگست۔2014ء)ایک آسٹریلوی جوڑے کی طرف سے تھائی لینڈ میں کرائے کی ماں سے پیدا کیے جانے والے ایک بیمار بچے کو چھوڑنے اور اس کی صحت مند جڑواں بہن کو گود لینے پر لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ایک تھائی اخبار نے بتایاکہ لوگوں نے بچے کے لیے ہزاروں امریکی ڈالر کا چندہ جمع کیا ہے اور آسٹریلوی جوڑے کے اقدام پر شدید ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔

آسٹریلوی جوڑے نے گامائے نامی چھ ماہ کے بچے کو جو ڈان سینڈروم اور دل کے عارضے میں مبتلا ہے، پیدائش کے وقت ان کے تھائی کرائے کی ماں کے ساتھ چھوڑ دیا تھا۔گامائے کی پرورش کی ذمے داری پھر ان کی کرائے کی ماں پاتارامون چانبوا پر آن پڑی۔آسٹریلوی جوڑے نے جن کی شناخت معلوم نہیں، پاتارامون چانبوا کو سروگیٹ ماں کی خدمات دینے کے لیے 15 ہزار امریکی ڈالرادا کیے تھے۔

(جاری ہے)

جب چانبوا چار ماہ کی حاملہ تھیں تو انھیں بچے کی صحت اور بیماری کے بارے میں بتا دیا گیا تھا اور آسٹریلوی جوڑے نے انھیں حمل ضائع کرنے کے لیے کہا تھا لیکن انھوں نے یہ کہہ کر انکار کیا تھا کہ حمل ضائع کرنا ان کے بدھ مت کے عقیدے کے منافی ہے۔آسٹریلوی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایاکہ انھیں ان اطلاعات پر تشویش ہے اور وہ تھائی حکومت کے ساتھ کرائے کی م اں کے معاملے پر مشورہ کر رہے ہیں۔تھائی لینڈ کے محکمہ صحت کے ایک اہلکار نے بتایا کہ تھائی لینڈ میں کرائے کی ماں کی خدمات لینے کے لیے رقم ادا کرنا غیر قانونی ہے۔