تازہ اسرائیلی بمباری سے مزید 26فلسطینی شہید،لاپتہ فوجی کی بازیابی کیلئے صیہونی فوج کی دھمکی،ہمارے پاس نہیں ،حماس

ہفتہ 2 اگست 2014 11:26

واشنگٹن/مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اگست۔2014ء) غاصب صیہونی فوج کی تازہ بمباری نے مزید 26فلسطینی شہری نگل لیے جبکہ فلسطینی مزاحمت کار تنظیم حماس نے کہاہے کہ ان کے پاس لاپتہ اسرائیلی فوجی کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ وہ لڑائی کے دوران ہلاک ہو گیا ہوتاہم اسرائیل نے جواب میں دھمکی دی ہے کہ وہ اپنے لاپتہ فوجی کی بازیابی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے،ادھر غزہ کی وزارت صحت نے کہاہے کہ آٹھ جولائی سے اب تک اسرائیلی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 1600 سے تجاوزکر گئی ہے ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی آپریشن کے دوبارہ آغاز کے بعد سے غزہ پر تازہ بمباری میں مزید 26فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد120ہوگئی ہے ،اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ اس کا لاپتہ فوجی حماس کی بنائی گئی سرنگوں کو تباہ کرنے کے کام پر مامور تھا۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج اس لاپتہ فوجی کی تلاش کر رہے ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ فوجی حماس کے قبضے میں ہے۔اسرائیل نے دھمکی دی کہ اپنے فوجی کی حراست کے ردِ عمل میں وہ سخت ترین کارروائی کریں گے۔ لاپتہ فوجی کی تلاش میں اسرائیلی فوجی جنوبی غزہ میں داخل ہو چکے ہیں۔اس سلسلے میں امریکی صدر براک اوباما نے اسرائیلی فوجی کو حراست میں لیے جانے کی مذمت کی اور کہا کہ اگر حماس اس کشیدگی کو ختم کرنے کے بارے میں سنجیدہ ہے تو ان کی حراست میں موجود اسرائیلی فوجی کو غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔امریکی صدر کا کہناتھا کہ اگر حماس اپنے ذیلی گروہوں کو کنٹرول نہیں کر سکتی تو اسرائیل کے لیے اس بات کا یقین کرنا انتہائی مشکل ہو جائے گا کہ جنگ بندی قائم رہ سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :