پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہا ں تعمیراتی لاگت سب سے کم ہے،حارث علی مٹھانی

جمعہ 1 اگست 2014 23:17

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1اگست۔2014ء ) پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہا ں تعمیراتی لاگت سب سے کم ہے اور12سے14اگست تک کراچی ایکسپوسینٹر میں ہونے والی آباد ایکسپوپاکستانی تعمیراتی صنعت میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی،آباد ایکسپوکی تمام تر تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں،آباد کے چیئرمین،سینئروائس چیئرمین سمیت پوری ٹیم آبادایکسپو کے انعقاد کیلئے دن ورات ایک کرچکی ہے،اگر ملکی حالات اچھے رہے اور امن قائم رہا تو بیرون ممالک سے بہت سے سرمایہ کار پاکستانی تعمیراتی صنعت میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔

یہ بات آباد کے چیئرمین سندھ وبلوچستان حارث علی مٹھانی نے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ آباد انٹرنیشنل ایکسپو2014کا انعقادکسی بھی سرکاری تعاون کے بغیر اور بلڈرزوڈویلپرز اپنیمدد آپ کے تحت کررہے ہیں، ملک میں تعمیراتی شعبے کے انحطاط کی وجہ سے 80لاکھ مکانات کی کمی کا سامنا ہے جبکہ اسلام آباد میں بھی4 لاکھ مکانات کی کمی کا سامنا ہے ،ملک کی آبادی میں مسلسل اضافے کے پیش نظر مکانات کی تعداد میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انکا کہناتھا کہ ملک میں تعمیراتی شعبہ پروان چڑھے گا تو بے روزگار ی کا خاتمہ ہوگا ، نوجوانوں کو روزگار ملے گا ، اس شعبے میں حکومتی اداروں سے 75فیصد منظوری نہیں ملتی جس کی وجہ سے مشکلات حائل ہیں اور لوگ روزگار کی تلاش میں رہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں حارث مٹھانی نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں جب تمام بائی لاز کو پورا کرتے ہوئے ایک ہائی رائز بلڈنگ کا نقشہ منظور کیا جاتا ہے اور بلڈر سرمایہ لگاکر اپنے پروجیکٹ کو مکمل کرتا ہے تاکہ وہ اصل مالکان کے حوالے کردیا جائے لیکن افسوس کہ ایس ایس جی سی اور کے الیکٹرک کنکشن دینے میں تساہلی سے کام لیتے ہیں،ایس ایس جی سی کے چیئرمین ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے آباد کے ممبران سے وعدہ کیا تھا کہ ایس ایس جی سی میں التوا کا شکار بلڈرز کے کنکشن کے درخواستوں پر کنکشن دیئے جائیں گے مگرابھی تک اس وعدے پر عمل نہیں ہوسکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی ایئرپورٹ سانحہ کے باوجود تقریبا35غیرملکی تعمیراتی اور اس سے منسلک کمپنیاں آباد ایکسپو میں شریک ہونگی اس کے علاوہ میزان بینک،ہاؤس بلڈنگ کارپوریشن سمیت بینکنگ سیکٹر سے وابستہ اداروں نے بھی آباد ایکسپومیں اسٹالز حاصل کئے ہیں، لاہور،اسلام آباد سمیت دیگر بڑے شہروں کی نامور تعمیراتی کمپنیاں نمائش کا حصہ ہونگی اور آباد ایکسپومیں تعمیرات سے منسلک تمام اداروں کے اسٹالز ہونگے۔

حارث علی مٹھانی نے کہا کہ ہم نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے اور پاکستان میں پہلی انٹرنیشنل کنسٹرکشن ایکسپو ہورہی ہے جس میں شرکت کیلئے کئی ممالک سے650 کمپنیاں اور وفود کراچی آرہے ہیں،حکومت چاہے ہماری مدد نہ کرے مگر حوصلہ افزائی تو کرے اور اس ایونٹ کو سرکاری سطح کی اہمیت دے۔ حارث مٹھانی نے بتایا کہ آباد انٹرنیشنل ایکسپو میں111کمپنیوں کے350سے زائد اسٹالز ہیں جن میں الائیڈ انڈسٹریز بھی شامل ہیں۔

آباد انٹرنیشنل ایکسپو 2014 کے حوالے سے بتایا کہ یہ ایک بین لاقوامی سطح کی نمائش ہے جو پاکستان کے بلڈرز ، رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز اور اس ملحقہ صنعتوں کو ایک منفرد اور بہترین پلیٹ فارم فراہم کرے گا،اس نمائش کے دائرہ کارمیں ، بلڈرز ، تعمیر ، تعمیراتی سپلائراور سروسز سے متعلقہ کمپنیوں کی نمائندگی کرنے والے کاروبار کے ساتھ ساتھ صارفین کو بھی ان مصنوعات اور خدمات کو پیش کرنے کیلئے ایک موقع فراہم کرنا ہے،آباد انٹرنیشنل ایکسپو پاکستان میں نہ صرف سرمایہ کاری کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم بلکہ یہ پاکستان میں ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کے رجحانات میں ایک وسیع بصیرت بھی فراہم کر ے گااس کے علاوہ ا س نمائش کے مقاصد میں سے پاکستان ، مشرقی وسطی اور ایشیاء بحرالکاہل کے خطے سے ڈویلپرز ، ریئل اسٹیٹ بروکرز اور نجی اداروں کے سرمایہ کاروں کو ایک ساتھ لانا ہے جس سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع کیلئے دروازے کھولنے میں مدد مل سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :