امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید کا مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی مددوحمایت کیلئے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

جمعہ 1 اگست 2014 19:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1اگست۔2014ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی مددوحمایت کیلئے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیاجائے گا،اقوام متحدہ کے نمائندے خود کو روتا ہوا دکھا کردنیا کو دھوکہ نہیں دے سکتے،دوسرے ملکوں میں یواین کی فوجیں جاسکتی ہیں تو اسرائیل کیوں نہیں؟ اقوام متحدہ کے ذمہ داران روکر دکھانے کی بجائے غزہ کی ناکہ بندی ختم کروانے کیلئے کردار ادا کریں،یہودی مسلمانوں کوفلسطین کے دیگر علاقوں کی طرح غزہ سے بھی مکمل طور پر بے دخل کر دینا چاہتے ہیں،مسلم امہ مظلوم فلسطینیوں کی کھل کر مدد اور حماس کے ہاتھ مضبو ط کرے،قربانیوں و شہادتوں کا راستہ اختیار کرکے ہی اسرائیل کی بربریت کو روکا جاسکتاہے۔

(جاری ہے)

وہ جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ہزاروں مردوخواتین نے ان کی امامت میں نماز جمعہ اد کی۔ خطبہ جمعہ کے دوران امیر جماعةالدعوة نے مظلوم فلسطینی و کشمیری مسلمانوں کے حق میں اوروطن عزیز پاکستان کی سلامتی واستحکام کیلئے خصوصی دعائیں کیں تو شرکاء کی آنکھیں اشکبار نظرا ٓئیں۔ حافظ محمد سعیدنے اپنے خطاب میں کہاکہ نبی اکرم ﷺ کی حدیث ہے کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں ‘ ایک حصے کو تکلیف ہو تو پورا جسم بے چین ہو جاتا ہے مگر افسوس کہ آج فلسطینی مسلمانوں پر یہودیوں نے درندگی کی انتہا کر دی ہے‘ غزہ کی ناکہ بندی کر کے فوجیں داخل کر دی گئی ہیں۔

معصوم بچوں کی کٹی پھٹی تصویریں دیکھ کر ہر دل خون کے آنسو رو رہا ہے لیکن مسلم حکمرانوں پر بے حسی طاری ہے اور اس قدر ظلم اور قتل و غارت گری دیکھ کر بھی ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے کہاکہ یہودی سمجھتے ہیں کہ غزہ کی سرحد مصر کے ساتھ ملتی ہے اوریہاں سے مظلوم فلسطینیوں کو مددوتعاون مل سکتا ہے اس لئے وہ حماس کے اس ہیڈکوارٹر پر قبضہ کر کے پورے علاقہ پر مکمل کنٹرول کرنا چاہتے ہیں تاکہ مجاہدین اس کے مقابلہ میں کھڑے نہ ہو سکیں۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ امریکہ اور اقوام متحد ہ سمیت سب کافر ملک یہودیوں کے سرپرست بنے ہو ئے ہیں۔اقوام متحدہ کا قیام ہی اس لئے ہو ا تھا کہ پوری دنیا میں جہاں کہیں ظلم ہو رہا ہووہاں ظالموں کے ہاتھ روکے جائیں مگر فلسطین میں یہودیوں کے بدترین ظلم و بربریت پر یو این کا نمائندہ روکر دکھار ہا ہے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ منافقت اور دنیا کو دھوکہ دینے کے سوا کچھ نہیں ہے۔

حقوق انسانی کی پامالی کا کہہ کر دوسرے ملکوں میں اقوام متحدہ کی فوجیں داخل کی جاسکتی ہیں تو اسرائیل کی بربریت اور دہشت گردی روکنے کیلئے ایسا کیوں نہیں کیاجارہا؟ حقیقت یہ ہے کہ اسرائیلیوں کو مسلمانوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دی جارہی ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ مسلم حکمرانوں کو اللہ تعالیٰ نے فوجوں اور بے پناہ وسائل سے نواز رکھا ہے مگر نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی اور ان کے دکھ درد کا انہیں کوئی احساس نہیں ہے۔

مسلمانوں کو ان سے کسی خیر کی کوئی توقع نہیں رکھنی چاہیے ۔ آج مسلمانوں کو پوری دنیا میں جن مصائب اور مشکلات کا سامنا ہے وہ یہودیوں اور صلیبیوں سے دوستیاں اور تعلقات پروان چڑھانے کا نتیجہ ہے۔ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو بیدار کررہا ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پورا عالم اسلام متحد ہو کر فلسطینی بھائیوں کی کھل کر مددوحمایت کرے ۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح افغان مسلمان امریکہ کے مقابلہ میں میدان میں اترے اور قربانیاں پیش کیں جس کے نتیجہ میں آسمانوں سے اللہ کی مدد اتری اور امریکہ اپنی معیشت کا بیڑہ غرق کروا کے اس خطہ سے جارہا ہے۔ فلسطینی مسلمانوں کیلئے بھی غاصب اسرائیل سے آزادی کیلئے یہی طریقہ ہے اور اسی سے ان کے تمام مسائل حل ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :