نیشنل انڈر12 فٹبال چمپئن شپ کیلئے خیبرپختونخوا کے ٹرائلز3 اگست کو ہونگے ، باسط کمال

جمعہ 1 اگست 2014 18:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1اگست۔2014ء) 8 سے 14 اگست تک اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں ہونیوالی قومی انڈر12 فٹبال چمپئن شپ کیلئے خیبرپختونخوا کی انڈر12 ٹیم کے انتخاب کیلئے ٹرائلز 3 اگست کو پشاور قیوم سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونگے،سلیکشن میرٹ پر ہوگی‘ اس سلسلے میں خیبر پختونخوا فٹبال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل راجہ عبدالباسط کمال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چمپئن شپ کیلئے اوپن ٹرائلز چار اگست کو پشاور قیوم سپورٹس کمپلیکس میں منعقد کئے جارہے ہیں جس میں کھلاڑیوں کے لئے فارم ب یا جن کے پاس پاسپورٹ ہیں وہ ساتھ لانا ضروری ہیں ‘انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ قومی مقابلوں کیلئے بہترین ٹیم تیار کی جائے جو اسلام آباد میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کرے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان مقابلوں کے لئے خیبر پختونخوا کی مضبوط ٹیم تشکیل دی جائے گی جو اچھے نتائج دے گی ایک سوال کے جواب میں صوبائی فٹبال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل راجہ عبدالباسط کمال نے کہا کہ فٹبال کے فروغ و ترقی میں سب سے بڑا مسئلہ گراؤنڈز کا نہ ہونا ہے انہوں نے کہا کہ پشاور میں واحد فٹبال گراؤنڈ طہماس فٹبال گراؤنڈ تھا جس کی تزئین و آرائش کا کام اب جلد ہی مکمل ہونے والا ہے اس کے علاوہ کوئی اور گراؤنڈ نہیں تھا جس کے باعث فٹبال کا کھیل متاثر ہوا ہے قیوم سپورٹس کمپلیکس فارغ ہونے پر وہاں مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے ‘انہوں نے کہا کہ طہماس فٹبال گراؤنڈ کی تعمیر مکمل ہوتے ہی ڈسٹرکٹ اور صوبائی فٹبال ایسوسی ایشنز اپنے پروگراموں کا اعلان کریں گی اور پھر سے پشاور میں فٹبال کو زندہ کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :