طاہر القادری کے انقلابی مارچ میں شرکت سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں کیا،حیدرعباس رضوی

جمعہ 1 اگست 2014 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1اگست۔2014ء) ایم کیوایم کے رہنما حیدرعباس رضوی کا کہنا ہے کہ انقلابی مارچ سے متعلق ڈاکٹر طاہرالقادری نے کئی باتوں پر اعتماد میں لیا ہے اور ایم کیوایم کی جانب سے اس پر سوچ بچار کا عمل جاری ہے تاہم مارچ میں شرکت سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق منہاج القرآن سیکریٹریٹ لاہور میں ایم کیوایم کے وفد نے ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات جس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اظہار تعزیت اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیوایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات ملک بھر سے سامنے آئے ہیں اور ان کی تحقیقات کے لیے قوانین بھی موجود ہیں جبکہ انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے تاہم اس میں یہ بھی مد نظر رکھا جائے کہ اس احتجاج سے کسی سیاسی نظام کو دھچکا نہ لگے۔

(جاری ہے)

حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ انقلابی مارچ سے متعلق ڈاکٹر طاہرالقادری نے کئی باتوں پر اعتماد میں لیا ہے اور ایم کیوایم کی جانب سے اس پر سوچ بچار کا عمل جاری ہے تاہم انقلابی مارچ میں شرکت سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کے فوائد اور اثرات جب سامنے آئئ تو فوج بلانے والوں کو پتا بھی چل جائے گا۔ اس موقع پر عوامی تحریک کے مرکزی رہنما ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اظہار یکجہتی پر ایم کیوایم کے مشکور ہیں جب کہ انقلابی مارچ پر مشاورت جاری ہے جس کے بعد تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا۔