وزیراعلیٰ پنجاب متاثرین شمالی وزیرستان کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے بنوں پہنچ گئے... روایتی انداز میں آئی ڈی پیز کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا، گورنر اور وزیراطلاعات بھی ہمراہ... متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،شہبازشریف... وزیر اعلیٰ پنجاب کا وزیرستان میں ہسپتال ،یونیورسٹی اور دانش سکول بنانے کا اعلان

جمعرات 31 جولائی 2014 14:08

وزیراعلیٰ پنجاب متاثرین شمالی وزیرستان کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے ..

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جولائی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف متاثرین شمالی وزیرستان کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے بنوں پہنچ گئے ،روایتی انداز میں آئی ڈی پیز کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا، گورنر سردار مہتاب احمد خان اور وزیراطلاعات پرویز رشید نے بھی بھرپور ساتھ دیا۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اپنی حالت بدلنے کیلئے پوری قوم کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا، شہبازشریف نے شمالی وزیرستان میں ہسپتال، یونیورسٹی اور دانش سکول بنانے کا اعلان بھی کردیا۔

شہباز شریف، وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید اور گورنر خیبر پختونخواسردار مہتاب عباسی کے ہمراہ آئی ڈی پیز کیمپ پہنچے۔ شمالی وزیرستان کے عمائدین نے مہمانوں کو روایتی کلے بھی پہنائے۔

(جاری ہے)

متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ملکی بقاء کی جنگ ہے، دہشت گردوں نے اپنا نظریہ بندوق کے زور پر نافذ کرنے کی کوشش کی، افواج پاکستان کا مکا پڑے گا تو دشمن کہیں نظر بھی نہیں آئے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ امن کی خاطر ہجرت کا دکھ جھیلنے والوں نے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی پوری قوم ان کے ساتھ ہے متاثرین کیلئے جو کچھ بھی کیا فرض سمجھ کر کیا، آئی ڈی پیز کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں جدید ترین ہسپتال، یونیورسٹی، دانش سکول اور ماڈل بستی کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی کا کہنا تھا کہ قوم امن کیلئے گھر بار چھوڑنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے، متاثرین کو نقصان کا پورا معاوضہ دیا جائے گا۔