گوجرانوالہ میں کرنٹ لگنے سے 3 کمسن بہن بھائی جاں بحق

وزیراعلیٰ کا غمزدہ خاندان سے اظہار افسوس، ضلعی انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی

جمعرات 31 جولائی 2014 14:05

گوجرانوالہ میں کرنٹ لگنے سے 3 کمسن بہن بھائی جاں بحق

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جولائی۔2014ء)گوجرانوالہ میں بجلی کے کھمبے میں کرنٹ آنے سے تین کمسن بہن بھائی جاں بحق ہو گئے۔ تینوں بچے اپنی خالہ کے گھر عید منانے آئے تھے۔وزیراعلیٰ کا غمزدہ خاندان سے اظہار افسوس، ضلعی انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ یہ افسوسناک واقعہ کوہلو والا کے قریب پیش آیا۔ عینی شاہدوں کے مطابق سڑک پر لگے کھمبے میں کرنٹ آگئی جس پر اسے چھونے والے 10 سالہ لڑکے قاسم علی نے چیخ و پکار شروع کر دی۔

اس کی کم سن بہنیں اپنے بھائی کو بچانے آگے بڑھیں تو وہ بھی کرنٹ کی لپیٹ میں آ گئیں۔ تینوں بچے موقع پر ہی تڑپ تڑپ کر دم توڑ گئے۔ بچوں کے چچا محمد شبیر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے بچے شادمان ٹاؤن سیعید منانے اپنی خالہ کے گھر آئے تھے۔

(جاری ہے)

اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے اپنے بچوں کو گھروں میں بند کر لیا۔ بچوں کا باپ محمد ظہیر مزدوری کرتا ہے۔

جاں بحق بچوں کی نعشیں پوسٹمارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ اہل علاقہ نے واقعہ کے خلاف سڑک بلاک کرکے احتجاج کیا اور گیپکو کے خلاف نعرے لگائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے نوٹس لینے کے بعد 3 کمسن بچوں کی ہلاکت کے واقعہ کی تحقیات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ گیپکو چیف میاں منیر نے کھیالی سب ڈویڑن کے لائن سپرنٹنڈنٹ بابر رشید اور لائن مین محمد لطیف کو معطل کر دیا ہے اور کہا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور تمام قصورواران کو سزا ملے گی۔