بھتہ مافیا سے تنگ انٹرنیشنل سائیکلسٹ نور العزیز فیملی سمیت پاکستان چھوڑ گئے۔۔۔ چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف نور العزیز کی دادرسی کریں، کلیم عوان

پیر 28 جولائی 2014 21:13

بھتہ مافیا سے تنگ انٹرنیشنل سائیکلسٹ نور العزیز فیملی سمیت پاکستان ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2014ء) دہشت گردی و منشیات کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے پاکستان ایڈوینچر سائیکلنگ فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کی دعوت پر گزشتہ سال پاکستان آنے والے انٹرنیشنل ایڈوینچرر سائیکلسٹ نور العزیز بھتہ خوروں کے تشدد اور مسلسل دھمکیوں کے باعث کل اچانک پاکستان چھوڑ گئے اور فیملی سمیت فرانس پہنچ گئے۔

نور العزیز 10اگست سے شروع ہونے والی کراچی سائیکل ریس کے چیف آفیشل بھی تھے ۔ کلیم اعوان نے بتایا کہ گزشتہ سال میری درخواست پر نور العزیز یورپ کی پر آسائش زندگی چھوڑ کر صرف پاکستان کی محبت کی خاطر اور امن کے فروغ کے لئے پاکستان آیا اور میرے ساتھ مل کر لاتعداد امن سائیکل ٹوراور امن سائیکل ریسوں کا انعقاد بھی کیا لیکن افسوس پاکستان کے قانون کے حکمرانوں نے نور العزیز کے خلوص اور وطن سے محبت کا کوئی خیال نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

SHOسچل اور SHO مبینہ ٹاؤن گلشن اقبال نے شکا یت کرنے پر نور العزیز کو ڈرایا دھمکایا اور کہا کہ یہاں پر پولیس کی جان پر بنی ہوئی ہے تو تمہاری حفاظت کون کرے گا۔ واضح رہے کہ بھتہ مافیا مسلسل نور العزیز کے پیچھے پڑی رہی اور کئی مرتبہ تشدد کر کے ایک دفعہ ساڑھے تین لاکھ روپے اور گزشتہ دنوں اسّی ہزار روپے چھین لئے اور بیگم کے زیورات بھی اُتروالئے ۔ کلیم اعوان نے چیف جسٹس آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے درد مندانہ التجا کی ہے کہ نور العزیز کی فوری طور پر داد رسی کی جائے ۔ اگر ایسا نہ ہوا تو نور العزیز جیسے محب وطن سائیکلسٹ سے ہمیں محروم ہونا پڑے گا ۔

متعلقہ عنوان :