ٍڈاکٹر طاہر القادری سے شیخ رشید کی ملاقات، ملکی صورتحال و آرٹیکل 245 پر تبادلہ خیال کیا گیا۔۔ قوم کرپٹ حکمرانوں سے نجات چاہتی ہے،اسلام آباد جانے سے روکا گیا تو صوبائی اسمبلیوں کا گھیراؤ کیا جائیگا‘ شیخ رشید۔۔۔ طاہر القادری بہت جلد شیڈول کا اعلان کرینگے،قوم جب سڑکوں پر نکلے گی تو ایم کیو ایم بھی خاموش نہیں رہے گی‘ میڈیا سے گفتگو

پیر 28 جولائی 2014 21:13

ٍڈاکٹر طاہر القادری سے شیخ رشید کی ملاقات، ملکی صورتحال و آرٹیکل 245 ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدنے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور حکومت کے خلاف انقلاب مارچ اور سونامی مارچ پر تبادلہ خیال کیا ۔ یہ ملاقات ایک گھنٹے سے زائدجاری رہی ۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے صدرڈاکٹر رحیق عباسی، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنرل سیکرٹری فیاض وڑائچ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال اور حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں آرٹیکل 245کا نفاذ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد جانے سے روکا تو صوبائی اسمبلیوں کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ قوم کرپٹ حکمرانوں سے نجات چاہتی ہے ۔ڈاکٹر طاہر القادری بہت جلد یوم انقلاب کی تاریخ کا اعلان کرنے والے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قوم جب سڑکوں پر نکلے گی تو ایم کیو ایم 90 پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو تین ماہ کے لیے بلانے والے نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے۔