Live Updates

عمران خان جس پارلیمنٹ پر تنقید کر رہے ہیں اس میں 15 ماہ سے بیٹھے تنخواہ لے رہے ہیں،خواجہ سعد رفیق...عمران خان پارلیمنٹ کا فورم اختیار کریں اور کمیٹی کا حصہ بن کر انتخابی اصلاحات کے لئے کام کریں

پیر 28 جولائی 2014 20:07

عمران خان جس پارلیمنٹ پر تنقید کر رہے ہیں اس میں 15 ماہ سے بیٹھے تنخواہ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاستدان احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے اجتناب کریں کیونکہ انتشار کی سیاست سے عوام میں مایوسی پھیلتی ہے - عمران خان اب بڑے ہو جائیں اور پارلیمنٹ کا فورم اختیار کرتے ہوئے انتخابی اصلاحات کے لئے کام کریں - پوری قوم استحکام پاکستان اور دفاع پاکستان کے لئے ایک ہے - یکم اگست سے پورے ملک میں پرچم لہرائے جائیں گے او رہم اس پرچم کو سرنگوں نہیں ہونے دیں گے - دہشت گردی کے خلاف لڑنے والے پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں 90 شاہراہ قائد اعظم پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا - اس موقع پر مشیر وزیر اعلی پنجاب خواجہ سلمان رفیق ، چیئرمین میٹرو بس اتھارٹی خواجہ احمد حسان ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک اور ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر بھی موجود تھے،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات بھرپور انداز میں منائی جائیں گی اور اس سلسلے میں تمام وزرائے اعلی سے بات ہو گئی ہے اور انہوں نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ہے - انہوں نے کہا کہ یکم اگست کو پورے ملک میں قومی پرچم لہرائے جائیں گے - ملک میں سرمایہ کاری آ رہی ہے اور پاکستان جلد ترقی اور استحکام کی منزل کو پا لے گا - انہوں نے کہا کہ آزاد قومیں اپنا راستہ خود بنا لیتی ہیں ،خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان جس پارلیمنٹ پر تنقید کر رہے ہیں اسی میں 15 ماہ سے بیٹھے ہوئے ہیں اور تنخواہ لے رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ عمران خان شرارتی بچوں والی بات چھوڑ یں اور بڑے ہو جائیں - انقلاب کی باتیں کرنے والے پہلے اپنے آپ کو درست کریں - انہوں نے کہا کہ عدالتیں آزاد ہیں عمران ان پر دباؤ نہ ڈالیں اور اپنی مرضی کے فیصلے لینے کی کوشش نہ کریں - انہوں نے کہا کہ اب نعرے بازی کی سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے اور عوام نے نعرے لگانے والوں کو مسترد کر دیا ہے - انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں پر فیصلہ کن ہاتھ ڈالا گیا ہے ہماری ٹانگیں نہ کھینچیں کام کرنے دیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات