حکومت شمالی وزیرستان کے متاثرین کی بھرپورمالی معاونت کررہی ہے ،ایس ایم منیر

پیر 28 جولائی 2014 17:08

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2014ء) ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیرنے کہا ہے کہ حکومت شمالی وزیرستان کے متاثرین کی بھرپورمالی معاونت کررہی ہے جبکہ دوسری جانب متاثر ین شمالی وزیرستان کیلئے امدادی کاروائیوں میں افواج پاکستان کے کردارکو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے یہ بات انہوں نے گزشتہ روز نارتھ کراچی ٹریڈاینڈ انڈسٹری ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی نوراحمد خان کی جانب سے دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر کہی اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سیفون لیفٹنٹ جرنل (ر) عبدالقادربلوچ ،سینیٹرعبدالحسیب خان،کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین،موزمبیق کے اعزازی قونصل جنرل خالدتواب، کراچی بزنس فورم کے چیئرمین راشد احمد صدیقی،کاٹی کے صدر سید فرخ مظہر،ڈاکٹرمرزااختیاربیگ،ندیم خان ۔

(جاری ہے)

منیرسلطان سمیت نارتھ کراچی ،کاٹی ،فیڈرل بی ائیریا صنعتی علاقے کے تاجروصنعتکاربھی موجودتھے ۔ایس ایم منیر نے کہا کہ ملکی تاجروصنعتکاربرادری اپنے پاکستانی متاثرین بھائیوں کے ساتھ ہے اورانکی ہر ممکن مدد کی جائیگی جبکہ بہت سارے مقامات پر تاجروصنعتکاربرادری متاثرین کی امداد کے لیے متحرک نظرآرہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وزیراعظم نواز شریف اورافواج پاکستان اپنا بھرپورکرداراداکررہی ہے جس سے مثبت نتائج برآمد ہونگے ۔

ایس ایم منیر نے افواج پاکستان کے کردارکو سہراتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نے ہرقدم پر ملک وقوم کوتحفظ فراہم کرنے کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کیاہے اورملک کی بقا ء کے لیے حکومت کا بھرپورساتھ دیا ہے۔کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا کہ ملکی تاجروصنعتکاربرادری متاثرین وزیرستان کے لیے کھلے دل سے اشیاء خوردونوش فراہم کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی عوام کو عارضی پریشانیوں کاسامناہے لیکن بہت جلد عوام اور ملک خوشحالی کی جانب گامزن ہوجائیگا ۔انہوں نے کہاکہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی آبادکاری سمیت دیگرمسائل کو حکومت احسن طریقے سے حل کرنے میں کامیاب ہوجائیگی جس کے لیے نجی سیکٹر بھی حکومت کا بھرپور ساتھ دیگا ۔ نارتھ کراچی ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی نوراحمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کے چیلنجوں میں اضافے کا تسلسل جاری ہے اور یکے بعد دیگر چیلنج ابھرتے جارہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کوختم کرنے کے لیے حکومت اور افواج پاکستان بھرپور کام کررہی ہے اور امید ہے کہ پاکستان پرامن ملک بن کر دنیا کے سامنے بہت جلد اپنامقام بنالے گا۔

وفاقی وزیربرائے سیفون لیفٹنٹ جرنل (ر) عبدالقادربلوچ نے بتایاکہ حکومت شمالی وزیرستان کے متاثرین کو بھرپورسہولیات فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے اورحکومت کی جانب سے متاثرین شمالی وزیرستان کیلئے رمضان پیکیج کی مد میں اشیاء خوردونوش اور دیگر سہولیات کی فراہمی بھی کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مخیر حضرات اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ بھرپورتعاون کرتے ہوئے اپنا بھرپورکرداراداکرے ۔عبدالقادربلوچ نے اس موقع پر حکومت کی جانب سے متاثرین شمالی وزیرستان کیلئے کی گئی کاروائیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :