لاہور ، گوجرانوالہ ، شیخو پورہ ، راولپنڈی ، فیصل آباد ، ملتان اور بہاولپور کے اضلاع ڈینگی کے حوالے سے حساس قرار

پیر 28 جولائی 2014 17:06

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2014ء) صوبائی وزیر ماحولیات کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت خواجہ عمران نذیر ، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری شہباز احمد اور ڈائریکٹر جنرل محکمہ تحفظ ماحول فاروق حمید شیخ کی سربراہی میں انسداد ڈینگی کارروائیوں بارے خصوصی سکواڈ تشکیل دے دئیے ہیں جو عید کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی مہم میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے یہ بات سوموار کے روز یہاں سیکرٹری ماحولیات کے دفتر میں ڈینگی کے انسداد بارے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی ۔ اس موقع پر سیکرٹری ماحولیات ، ڈائریکٹر جنرل محکمہ تحفظ ماحول فاروق حمید شیخ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر کے افسران ماحولیات کو عید کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی مہم کو جاری رکھنے اور اپنے متعلقہ علاقوں میں موجود نرسریوں ، کباڑ خانوں ، ٹائر شاپس اور زیر تعمیر عمارتوں کا باقاعدگی سے معائنہ کرنے،ڈینگی سے متعلق قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور خصوصی سکواڈ تشکیل دینے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں اور اس سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل تحفظ ماحول فاروق حمید شیخ کو افسر انچارج مقرر کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے لاہور ، گوجرانوالہ ، شیخو پورہ ، راولپنڈی ، فیصل آباد ، ملتان اور بہاولپور کے اضلاع کو حساس قرار دیا گیا ہے اس لئے ان اضلاع کے افسران انسداد ڈینگی کی کارروائیوں پر خصوصی توجہ دیں ۔ صوبائی وزیر ماحولیات نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ انسداد ڈینگی کارروائیوں میں حکومت کا ساتھ دیں اور ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کریں ۔ انہوں نے کہا کہ شہری بارشوں کے دوران اپنے گھروں کے ارد گرد ، دکانوں ،کباڑ خانوں اور زیر تعمیر عمارتوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور اس کی فوری نکاسی کا بندوبست کریں اور ڈینگی پر قابو پانے کے سلسلہ میں حکومت سے بھر پور تعاون کریں ۔