امت مسلمہ شدید مشکلات سے دوچار ہے،ہم سب کو ملکر پوری امت کے دکھ درد بانٹنے کی کوششیں کرنی چاہئیں‘ حافظ محمد سعید

پیر 28 جولائی 2014 17:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2014ء) امیرجماعة الدعوة پاکستا ن پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے اس پرمسرت موقع پر ہمیں فلسطین، کشمیر اور دنیا کے دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہئے اور ایسی زبردست تحریک اُٹھانی چاہیے کہ جس سے فلسطین اور کشمیر سمیت تمام مقبوضہ علاقوں کو آزادی ملے، آئندہ سب مسلمان آزادی کی عید منائیں اور اللہ کے دین کو اپنے ملکوں میں نافذ کرسکیں‘ یہی عید کا اصل پیغام ہے ۔

ہم دعا گو ہیں کہ اُمت مسلمہ ایک متحد اور زبردست قوت بن کر کھڑی ہو اور اللہ تعالیٰ اس عید کو بشارتوں والی عید بنا دے ۔عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ آج ہم ان حالات میں عید منارہے ہیں کہ لاکھوں کی تعداد میں وزیرستان متاثرین اپنے گھربار چھوڑ کر بنوں، ڈیرہ اسمٰعیل خاں ، ژوب اور دیگر علاقوں میں آباد ہیں۔

(جاری ہے)

اس صورتحال میں جس طرح مقامی لوگ قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں جماعةالدعوة نے بھی اللہ کے فضل و کرم سے لاکھوں افراد کیلئے نا صرف سحروافطار کا بندوبست کیا بلکہ عیدکے موقع پر ان میں نئے کپڑے، عید گفٹ اور راشن پیک تقسیم کئے ہیں۔

ہم سب کو ملکر پوری امت کے دکھ درد بانٹنے کی کوششیں کرنی چاہئیں۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ امت مسلمہ اس وقت شدید مشکلات سے دوچار ہے۔فلسطین میں یہودیوں نے ظلم کی انتہا کر دی ہے۔ وہ امریکہ کی شکست کے بعد خطرہ محسوس کر رہے ہیں کہ انہیں بھی اسرائیل سے نکال دیا جائے گا اسلئے مسلمانوں کو منتشر کرنے کیلئے بدترین مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔بھارت میں بھی مسلمانوں کو جگہ جگہ مسلم کش فسادات کا سامنا ہے۔

مساجدومدارس پر حملے کئے جارہے ہیں۔ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ مظلوم مسلمانوں کی ہرممکن مددوحمایت کی جائے تاکہ ان کی عزتیں و حقوق محفوظ ہو سکیں۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے اختتام پر عید کا مرحلہ پوری اُمت مسلمہ کے لیے بہت بڑی خوشی کا موقع ہے اور ررمضان کے روزے اور راتوں کے قیام سے اللہ بہت راضی ہوتا ہے ، اللہ تعالیٰ اس دن عام معافی کا اعلان کرتا ہے اور حقیقت میں یہ معافی کا اعلان ہی مسلمانوں کی اصل عید ہے ۔

متعلقہ عنوان :