عید خوشیاں بانٹنے کا دن ہے ،حقیقی خوشی ہمیشہ اسے نصیب ہوتی ہے جو اس خوشی میں دوسروں کوشامل کرتا ہے‘ سراج الحق

پیر 28 جولائی 2014 17:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2014ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے عید الفطر کے مبارک موقع پر قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبار ک کے اختتام پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے عید سعید کا انعام اس بات کا اظہار ہے کہ اگر تم میرے لئے بھوک پیاس اور دیگر خواہشات کو قربان کرو گے تومیں تمھیں مزید خوشیوں اور انعامات سے نوازوں گا ، تقدیس نعمت کیلئے اللہ رب العالمین کا شکر بجالانا واجب ہے !عید خوشیاں بانٹنے کا دن ہے ،حقیقی خوشی ہمیشہ اسے نصیب ہوتی ہے جو اس خوشی میں دوسروں کوشامل کرتا ہے ،خاص طور پر معاشرے کے پسے ہوئے اور دکھوں ، پریشانیوں اور مصیبتوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے انسانوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرتا ہے ،آج ہم عید اس حال میں منارہے ہیں کہ شمالی وزیرستان سے ہمارے 10لاکھ بہن بھائی اپنے گھروں سے محروم در بدرکی ٹھوکریں کھانے اور امدادی کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

فلسطین کے نہتے اور مظلوم عوام پرصیہونی درندوں کی بمباری جاری ہے جس میں روزانہ معصوم بچوں اورخواتین سمیت بڑی تعداد میں لوگوں کا قتل عام کیا جارہا ہے لیکن عالمی برادری اور عالمی امن کے دعویدار مجرمانہ خاموشی اختیار کیئے ہوئے ہیں اور اس سے بھی زیادہ دکھ اورشرم کی بات یہ ہے کہ پاکستان سمیت 57مسلم ممالک کے حکمران خاموشی سے تماشہ دیکھ رہے ہیں ،فلسطین کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں کسی محمد بن قاسم اور صلاح الدین ایوبی کی راہ دیکھ رہی ہیں مگر ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمان راکھ کا ڈھیر بنے ہوئے ہیں۔

سراج الحق نے قوم سے اپیل کی کہ کشمیر ،فلسطین ،برما،افغانستان ،عراق ،شام اورایریٹیریا سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں،یتیموں ،بیواؤ ں اور غربا ء و مساکین خصوصی توجہ اور ہمدردی کے مستحق ہیں انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں ۔

متعلقہ عنوان :