عوام نے حکمرانوں کے خلاف باہر نکلنے کا فیصلہ کر لیا ،14اگست کے آزادی مارچ کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملک بھر میں دھرنے دینگے‘ شیخ رشید

پیر 28 جولائی 2014 17:05

عوام نے حکمرانوں کے خلاف باہر نکلنے کا فیصلہ کر لیا ،14اگست کے آزادی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عوام نے حکمرانوں کے خلاف باہر نکلنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اگر 14اگست کے آزادی مارچ کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملک بھر میں دھرنے دیں گے اور تمام تر حالات کی ذمہ داری حکومت ہو گی ، پرویز مشرف نے اکبر بگٹی اور لال مسجد جیسے سانحات آرٹیکل 245کے ذریعے کیے اور موجودہ حکمران بھی ویسی غلطیاں کر رہے ہیں ، مڈٹرم انتخابات ہی جمہوریت کو بچا سکتے ہیں ،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو بھی مزید انتظار کی بجائے فیصلہ کر لینا چاہیے کہ وہ کس کے ساتھ ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور میرٹ کی بات کرنے والی (ن) لیگ نے ایک بھی تقرری میرٹ کے مطابق نہیں کی ۔

(جاری ہے)

نواز شریف کوئی ایک تقرری بتا دیں جو میرٹ کے مطابق کی گئی ہے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت کے رابطوں کا عمران خان اور دیگر لوگوں سے کوئی فائدہ نہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ مذاکرات کا اوپشن بند ہو چکا ہے اور عمران خان اور میرے سمیت جو بھی حکومت سے رابطہ کرے گا وہ سیاسی گڑھے میں گر جائیگا اور عوام بھی اس کو معاف نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے آرٹیکل 245کا نفاذ کر کے اصل میں اپنے شکست تسلیم کی اور مجھے یقین ہے کہ یہ 14اگست سے پہلے ایسی مزید غلطیاں بھی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت 14اگست کے آزادی مارچ کو نہیں روک سکتی جہاں تک طاہر القادری اور عمران خان کا تعلق ہے تو دونوں کا مقصد اور ایجنڈا ایک ہے اور قوم امید کرتی ہے کہ وہ دونوں ایک ہو جائیں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر آزادی مارچ کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملک بھر میں احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے اور تمام تر حالات کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہو گی ۔ عوام نے حکمرانوں کے خلاف باہر نکلنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور 14اگست کا سورج ایک نئی خبر لے کر نکلے گا ۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے اکبر بگٹی اور لال مسجد جیسے سانحات آرٹیکل 245کے ذریعے کیے اور موجودہ حکمران بھی ویسی غلطیاں کر رہے ہیں۔

نواز شریف سعودی حکام سے ملاقاتوں میں صرف اپنے خاندان کے لوگوں کو ساتھ بٹھاتے ہیں ۔ 245کے نفاذ کے بعد اب جمہوریت بچانا نواز شریف کی ذمہ داری ہے جو بلا بلا کر فوج کو اقتدار میں لانا چاہتے ہیں ۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مڈٹرم انتخابات ہی ملک میں جمہوریت کو بچا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں 14، 15لوگ مارے گئے اور حکمران کہتے ہیں کہ انہیں کچھ پتہ ہی نہیں ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر رانا ثناء اللہ خان کو قربانی کا بکرا بنایا گیا اس کے اصل ذمہ دار وزیر اعلیٰ شہباز شریف ہیں ۔