پاکستان کی حالت بدلنے کیلئے سب متحد ہو جائیں ،عدلیہ پر دباؤ ڈال کر مرضی کے فیصلے لینے کی کوشش نہ کی جائے‘ خواجہ سعد رفیق

پیر 28 جولائی 2014 17:05

پاکستان کی حالت بدلنے کیلئے سب متحد ہو جائیں ،عدلیہ پر دباؤ ڈال کر مرضی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان کی حالت بدلنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ سب متحد ہو جائیں کیونکہ یہ ملک اب نعرے بازی کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، کہنے سے انقلاب نہیں آتا جلسے جلوسوں سے حکومتیں گرانے کا وقت گزر گیا،عدلیہ پر دباؤ ڈال کر مرضی کے فیصلے لینے کی کوشش نہ کی جائے،ملک میں انتشار کی سیاست نہیں چلے گی، ہر شخص کو امام خمینی نہیں بننا چاہئے یہاں کچھ لوگ پارلیمنٹ کا حصہ بھی ہیں اور اسے جعلی بھی کہتے ہیں،اگست میں یوم آزادی کی تقریبات بھرپور جوش و جذبے سے منائی جائیں گی، آزادی ٹرین کے ذریعے تحریک آزادی کے شہدا ء کی قربانیوں کو اجاگر کیا جائے گا،13اگست کو مارچ پاسٹ ہو گا، آزادی کی تقریب میں سیاسی رہنماؤں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز 90شاہراہ قائد اعظم میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر خواجہ احمد حسان ، پرویز ملک ، خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر بھی موجود تھے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کسی جماعت کا جلسہ، مارچ یا دھرنا اتنا بڑا مسئلہ نہیں کہ اسے سر پر سوار کر لیا جائے،یہ اتبا بڑا ایشو نہیں جتنا اسے بنا دیا گیا ہے،ہمارے بعض سیاست دانوں کو یہ بیماری لا حق ہے کہ وہ جب تک دن میں6 بیانات نہیں دے لیتے انہیں روٹی ہضم نہیں ہوتی، سیاستدانوں کو احساس ذمہ داری کا ثبوت دینا چاچاہیے کیونکہ ڈرانے دھمکانے سے عوام میں مایوسی پھیلتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دفاع پاکستان اور استحکام وطن کے لئے متحد ہو چکی ہے،14اگست تک پورے ملک میں سبز ہلالی پرچم کی بھر مار ہو گی، جشن آزادی کی تقریبات میں چاروں وزرائے اعلی شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات میں سب شریک ہونگے کیونکہ قومی پرچم کو سرنگوں کرنے کا کوئی سوچ نہیں سکتا اور اس کی سر بلندی کے لئے سب ایک ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹھیک ہے کہ ماضی میں 14اگست پر فوجی پریڈ نہیں ہوتی تھی تاہم جشن آزادی منانے کے لئے کوئی بڑا بجٹ نہیں رکھا گیا، اگر صوبائی حکومتوں کو وطن پرستی اور قومی پرچم سر بلند کرنے کے لئے کچھ خرچ بھی کرنا پڑتا ہے تو ضرور کرنا چاہیے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کی حالت بدلنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ سب متحد ہو جائیں کیونکہ یہ ملک اب کسی مذاق، اور نعرے بازی کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

ہر شخص امام خمینی نہیں بن سکتا، بعض لوگ یہاں انقلاب کی بات کرتے ہیں مگر انقلاب اور انکے اٹھنے بیٹھنے کے اطوار نہیں ملتے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج تبدیلی یہ ہے کہ ملک میں عدالتیں ،آزاد ،میڈیا زندہ ہے ، اب ملک کی تقدیر کا فیصلہ50ہزار یا ایک لاکھ افراد کے جتھے نے نہیں بلکہ19کروڑ عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے کرنا ہے، یہاں پہلی مرتبہ اقتدار ایک جمہوری حکومت نے دوسری کے سپرد کیا ہے ،ہمیں امید ہے کہ نعرے اور مارچ کی سیاست کرنیوالے بھی جلد سیکھ جائینگے ۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو چاہیے کہ وہ عدالتوں کا ٹارگٹ نہ کریں اور نہ ان سے اپنی پسند کے فیصلوں کی امید رکھیں ، پارلیمنٹ میں آ کر انتخابی اصلاحات پر بات کریں۔صوبہ خیبر پی کے میں الگ عید منانے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی ملکی قانون کے مطابق چاند کی شہادت دیتی ہے مگر آدھی اینٹ کی مسجد بنانے والے اپنی عادت سے مجبور ہیں۔

متعلقہ عنوان :