لاپتہ افراد کے معاملے میں عدالتی احکامات کو مذاق بناکر رکھ دیاگیا ہے

پیر 28 جولائی 2014 14:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی۔2014ء) پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سیدوسیم اختر، سکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ ،سکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان اور ڈپٹی سکرٹری اطلاعات محمد عمران الحق نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر پو ری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اپنی خوشیوں میں ائی ڈی پیز اور فلسطین کے مسلمانوں کو نہ بھولیں۔

اور اپنے بے سہارا بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کریں۔جماعت اسلامی پنجاب اب تک آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے چار کروڑ روپے کاسامان اور چار کروڑنقدبھجواچکی ہے۔متاثرین کی مکمل بحالی تک ہم چین سے نہیں بٹھیں گے۔الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور کارکنان عیدالفطرآئی ڈی پیز کے ساتھ بنوں میں گزاریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر متاثرین میں عیدگفٹس،بچوں کے کھیلوں کاسامان اور خشک راشن تقسیم کیاجائے گا۔

انہو ں نے کہا ہے کہ لوگوں کی امانتوں کواصل حق دار تک پہنچاناجماعت اسلامی کی خصوصیت رہی ہے۔جب بھی ملک وقوم پر مشکل کی گھڑی آئی جماعت اسلامی نے ہمیشہ مثبت کردار اداکیاہے۔چاہے وہ2005کاخوفناک زلزلہ ہویا2010کاتباہ کن سیلاب جماعت اسلامی کے کارکنوں نے دن رات اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کوریلیف پہنچانے میں مصروف رہے۔آج بھی سینکڑوں کارکن آئی ڈی پیز کی مشکلات میں کمی کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔

ملک اس وقت سنگین بحران کی زد میں ہے۔عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلف میسر نہیں ہے۔حکمران اپنے تمام وعدے بھول چکے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے معاملے میں عدالتی احکامات کو مذاق بناکر رکھ دیا ہے۔کوئی پوچھنے والا ہی نہیں کہ لوگوں کو زمین کھاگئی یاآسمان نگل گیا۔ عید کے موقع پر لاپتہ افراد کی عدم بازیابی حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔

ان کے لواحقین در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ ملک میں جنگل کا قانون رائج ہے۔وفاقی حکومت اپنی آئینی وقانونی ذمہ داری اداکرتی تو لاپتہ افراد اب تک بازیاب ہوچکے ہوتے۔ پاکستان میں عدالتیں آزاد ہیں اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے ثبوتوں کے ساتھ عدالتوں میں پیش کیا جائے۔خفیہ اداروں نے ریاست کے اندر ریاست قائم کررکھی ہے۔جب جس کادل کرتا ہے لوگوں کو شک کی بنیاد پر اٹھالیاجاتا ہے یہ انسانی بنیادی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور اسلامی شریعت کے منافی ہے۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ تمام لاپتہ افراد کو جو خفیہ اداروں کی تحویل میں ہیں بازیاب کرائے اورانہیں عدالتوں میں پیش کیاجائے اورلوگوں کوماورائے آئین وقانون اٹھانے والوں کا محاسبہ کرے۔اس گھناؤنے جرم میں ملوث افراد ریاست کے مجرم اور کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔پاکستان کی آزادی ،خود مختاری اور سلامتی سب کچھ داؤ پر لگ چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :