حکومت کی حقیقت پسندانہ حکمت عملی کے ثمرات تیزی کے ساتھ سامنے آنا شروع ہو گئے ‘ احسن اقبال

پیر 28 جولائی 2014 14:10

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی۔2014ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقیات و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت قومی وسائل کو عوام کی فلاح وبہبود اور ملک کی ترقی کیلئے بروئے کار لانے کے لئے حقیقت پسندانہ حکمت عملی اختیار کر رہی ہے جس کے ثمرات تیزی کے ساتھ سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے، مہنگائی پر قابو پانے اور بیروزگاری کو ختم کرنے کے لئے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں عوام کی طرف سے ان کو سراہا جا رہا ہے۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں کی غیر حقیقت پسندانہ اور بے نتیجہ اقتصادی پالیسیوں کے اثرات پر قابو پانا بلاشبہ ایک مشکل کام ہے لیکن حکومت انتہائی محنت اور سنجیدگی کے ساتھ اس ضمن میں کام کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری میں وہی اقوام سرخرو ہوتی ہیں جو اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے اقتصادی ترقی کے راستے پر گامزن رہتی ہیں۔

قدرت نے پاکستان کو ہر نعمت سے نواز رکھا ہے ، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم اپنے اخلاص، حب الوطنی اور دیانت کے جذبہ او ر احساس کے تحت ان نعمتوں کو ملک و قوم کی ترقی کے لئے استعمال میں لائیں۔ اگر میسر وسائل کو حقیقت پسندی کے ساتھ بروئے کار لایا جائے تو خود کفالت کی منزل تک رسائی کوئی مشکل سفر نہ ہو گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جو ترقی کی پٹڑی سے اتر چکا تھا موجودہ حکومت کی نیک نیتی اور مثبت پالیسیوں کیوجہ سے دوبارہ ترقی پٹڑی پر آ چکا ہے لیکن کچھ عناصر کو اس کا یوں سفر کرنا ہضم نہیں ہو رہا لیکن انہیں منہ کی کھانا پڑے گی ۔انشا اللہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت پاکستان کودنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :