کسی بھی ملک سے تجارت میں ملکی مفاد کو پس پشت نہیں ڈالیں گے ‘ وفاقی وزیر تجارت

پیر 28 جولائی 2014 14:07

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی۔2014ء)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے وژن کے مطابق پاکستان پڑوس ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دے رہا ہے، کسی بھی ملک سے تجارت میں ملکی مفاد کو پس پشت نہیں ڈالیں گے ، بھارت سے تجارت کی صورت میں پاکستان کو ایک بڑی منڈی دستیاب ہو سکتی ہے ۔ایک انٹرویو میں خرم دستگیر نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جس سے عوام کی ترقی اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تجارتی معاہدے ہمیشہ ملکی مفادات کو مدنظر رکھ کر کیے جاتے ہیں اور موجودہ حکومت بھی ایسا کوئی معاہدہ نہیں کرے گی جس سے ہمارے مفادات کو ٹھیس پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت معیشت کی ترقی، برآمدات کے فروغ اور دوسرے ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کے لیے موثر حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے اور اس میں کامیابیاں ملی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں انکی ٹیم توانائی بحران کے خاتمے کے لئے دن رات کوشاں ہے انشا اللہ وہ وقت بھی آئے گا جب پاکستان سے تاریکی کا خاتمہ ہوگا۔