حکومت اپنی رٹ کھو چکی ، اسلام آباد کو فوج کے حوالے کرنا (ن)کی سیاسی طور پر ناکامی ہے‘ قاضی احمد سعید

پیر 28 جولائی 2014 13:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی۔2014ء) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت اپنی رٹ کھو چکی ہے، اسلام آباد کو فوج کے حوالے کرنا مسلم لیگ (ن)کی سیاسی طور پر ناکامی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ (ن)کی حکومت جب بھی اقتدار میں آئی اس نے سیاسی قوتوں کو کمزور کیا جس کی وجہ سے آمریت کو فروغ ملا ۔

وفاقی حکومت کو تمام معاملات مفاہمت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں جس انداز میں پانچ سالہ آئینی مدت پوری کی اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی یہ ہی وجہ ہے کہ آصف علی زرداری نے مفاہمت پر زور دیا۔ مفاہمی پالیسی شہید بینظیر بھٹو دانشمندانہ اور مدبرانہ ویژن کی عکاسی کرتی ہے انہوں نے کہا کہ پُر امن احتجاج اپوزیشن کا آئینی اور قانونی حق ہے اس کو سبوتاژ کرنے سے ملک میں محاز آرائی بڑھے گی جو ملک کے لئے زہر قاتل ہے۔ اس لئے مسلم لیگ(ن)کی حکومت سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لے اور تمام معاملات کو حل کرنے کے بات چیت کا راستہ اپنائے۔

متعلقہ عنوان :