Live Updates

چیئرمین تحریک انصاف کی سندھ اور پنجاب میں متاثرین کو روکنے کے عمل کی شدید مذمت

پیر 28 جولائی 2014 13:13

چیئرمین تحریک انصاف کی سندھ اور پنجاب میں متاثرین کو روکنے کے عمل کی ..

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی۔2014ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سندھ اور پنجاب میں متاثرین کو روکنے کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے۔بنوں میں متاثرین شمالی وزیرستان آپریشن کیساتھ عید الفطر مناتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ متاثرین کی مشکلات کم کرنے کیلئے خیبرپختونخوا حکومت اور تحریک انصاف ہر ممکن اقدامات کریگی اور آئی ڈی پیز کی زندگی آسان بنانے کیلئے جو کچھ بھی کرسکے وہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے عوام کی مشکلات کا احساس ہے اور انہیں یقین دلاتا ہوں کہ سارا پاکستان مصیبت کی اس گھڑی میں ان کیساتھ کھڑا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آئی ڈی پیز کیساتھ عید منانے کا وعدہ پورا کرنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں تاہم موسم کی خرابی کے باعث وقت پر بنوں نہ پہنچ سکا جس کے باعث متاثرین کیساتھ نماز عید کی ادائیگی نہ ہوسکی جس پر معذرت خواہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر متاثرین کی پریشانیاں حل کرنے کیلئے پیش پیش ہیں اور تحریک انصاف اسی طرح آئی ڈی پیز کی مدد جاری رکھے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات