Live Updates

شہباز شریف اور اسحاق ڈار کا عمران خان سے رابطہ ،مطالبات پر غور کرنے کی یقین دہانی

پیر 28 جولائی 2014 13:13

اسلام آباد/لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے تحریک انصاف سے رابطہ کر کے مطالبات پر غور کرنے کی یقین دہانی کرا دی،پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ خفیہ اور دوسرے ذریعوں کی براہ راست رابطوں پر ہی ردعمل ظاہر کریں گے ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف اوروفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے عمران خان سے رابطہ کر کے آزادی مارچ سے متعلق مذاکرات کرنیکی پیشکش کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز لیگ کی قیادت تحریک انصاف کے مطالبات پر غور کرنے کو تیار ہے ۔ عمران خان کے ترجمان نعیم الحق کا کہنا ہے مدینہ منورہ میں اسحاق ڈار نے تحریک انصاف کے ایک رہنما سے ملاقات میں بات چیت کا عندیہ ضرور دیا لیکن نوازلیگ کی طرف سے کوئی پیشکش نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جب تک نواز لیگ کی جانب سے براہ راست رابطہ نہیں کیا جاتا ردعمل ظاہر نہیں کریں گے ۔

سیاسی مبصرین حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان بیک ڈور رابطوں کو اہم قرار دے رہے ہیں ۔دوسری طرف ایک نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے رابطہ کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت تحریک انصاف کے مطالبات ماننے کو تیار ہے،چوہدری نثار (ن) لیگ میں واحد شخصیت ہیں جو دربار ی نہیں، ان کے لئے ہماری پارٹی کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں،آرٹیکل 245 کا نفاذ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ فوج کو غیر جانبدار رہنا چاہیے اور حکومت کا ساتھ نہیں دینا چاہیے ۔ شہبازشریف نے رابطہ کر کے کہا ہے کہ حکومت ہمارے مطالبات ماننے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14اگست کو اسلام آباد میں ہی رہیں گے، واپس نہیں آئیں گے، خون بھی دینا پڑا تو دیں گے، کارکنوں پر فوج یا پولیس نے گولی چلائی تو نواز شریف کے خلاف قتل کا مقدمہ کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ طاہرالقادری کو ساتھ ملاسکتے ہیں لیکن ان کے انقلاب کو ماننے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ چوہدری نثار (ن) لیگ میں واحد شخصیت ہیں جو دربار ی نہیں، ان کے لئے ہماری پارٹی کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 245کا نفاد سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات