خیبرپختونخوا سمیت فاٹا میں آج عید الفطر، صوبائی حکومت کل عید منائے گی

پیر 28 جولائی 2014 11:35

خیبرپختونخوا سمیت فاٹا میں آج عید الفطر، صوبائی حکومت کل عید منائے ..

پشاور/ فاٹا / خیبرایجنسی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2014ء) ملک میں ایک مرتبہ پھر 2 عیدیں منانے کی روایت برقرار رہی اور پشاور سمیت صوبے کے مختلف شہروں اور فاٹا میں آج عیدالفطر منائی جارہی ہے۔ پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے امام مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے شوال کا چاند نظر آنے کے اعلان کے بعد خیبرپختونخوا کے بعض شہروں سمیت فاٹا میں آج عید الفطر روایتی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے، پشاور کی مسجد مہابت خان میں صبح 8 بجے نماز عید ادا کی گئی جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی جبکہ فاٹا اور خیبرایجنسی میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کر کے بنوں میں قائم خیموں میں مقیم متاثرین کے لئے بنوں اسپورٹس کمپلیکس میں نماز عید کا اہتمام کیا گیا جہاں جماعت اسلامی کے رہنما پروفیسر ابراہیم نے عید کی نماز پڑھائی جس کے بعد شرکا نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی خوشیوں کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کی جانب سے عید کے موقع پر متاثرہ بچوں کے لئے خوشیاں دوبالا کرنے کے لئے جھولے لگائے گئے ہیں اور کھانے پینے کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے شوال کا چاند نظر آنے کے اعلان پر عید نہ منانے کا اعلان کیا ہے جبکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں شوال کا چاند دیکھنے آج بیٹھے گی۔

متعلقہ عنوان :