Live Updates

عید الفطر کس رویت کے فیصلے کے مطابق منائیں؟ عمران خان شش و پنج میں مبتلا

اتوار 27 جولائی 2014 23:35

عید الفطر کس رویت کے فیصلے کے مطابق منائیں؟ عمران خان شش و پنج میں مبتلا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جولائی۔2014ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عید الفطر بنوں میں وزیرستان متاثرین کے ساتھ منانے کا اعلان کیا ہے لیکن عمران خان اس وقت شدید شش و پنج میں مبتلا ہیں کہ وہ عید "کس" رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق منائیں۔ بنوں کی مقامی رویت ہلال کمیٹی نے کل عیدالفطر منانے کا اعلان کیا ہے اسی لئے کل بنوں میں عیدالفطر منائی جائے گی۔

جبکہ سرکاری طور پر رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا جس میں شوال کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کیا جائے گا۔

عمران خان اس سے قبل اعلان کر چکے ہیں کہ وہ عید بنوں میں مقیم شمالی وزیرستان کے مہاجرین کے ساتھ منائیں گے، اب سوال یہ ہے کہ وہ کس دن عید کی تقریب میں شریک ہوں گے!. اس سلسلے میں جب تحریک انصاف کی قیادت سے اُردو پوائنٹ نے خان صاحب کے بنوں میں جانے کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے واضح جواب نہیں دیا، اور صرف یہی کہا کہ عمران خان نے عید وزیرستان متاثرین کے ساتھ منانے کا اعلان کیا تھا اور وہ عید متاثرین کے ساتھ ہی منائیں گے۔

(جاری ہے)

اُردو پوائنٹ کے نمائندے کو ذرائع نے بتایا کہ عمران خان عید کل بنوں کے سپورٹس کمپلیکس میں متاثرین کے ساتھ منائیں گے۔

عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے انکے لئے بہت اہم ہوگا، کیونکہ عید سے پہلے عید منانے پر بہت سے لوگ ان پر تنقید کریں گے، اور پاکستان کے رویت ہلال کے مطابق عید منانے پر بنوں کے متاثرین بُرا منائیں گے کہ عمران خان نے عید اُنکے ساتھ نہیں منائی، بلکہ اگلے دن تشریف لائے ہیں.

عمران خان کا آئی ڈی پیز کے ساتھ عید منانے کا فیصلہ انتہائی قابل تعریف ہے، اور اُمید ہے کہ دیگر سیاسی جماعتیں بالخصوص پاکستان مسلم لیگ نواز، اور اے این پی بھی ان آئی ڈی پیز کو عید کے موقع پر یاد رکھیں گے.

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات