امریکہ مسلمانوں کا دشمن ہے، عرب سربراہ و دیگر اسلامی ممالک کے حکمران اس کا ساتھ چھوڑ دیں، حافظ محمد سعید ،فلسطین، کشمیر، برما، انڈیا اور دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کی آزادیوں و حقوق کا تحفظ جہاد فی سبیل اللہ سے ہی ممکن ہے،افطار پروگرام سے خطاب

اتوار 27 جولائی 2014 23:30

امریکہ مسلمانوں کا دشمن ہے، عرب سربراہ و دیگر اسلامی ممالک کے حکمران ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جولائی۔2014ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ یہودی غزہ کی ناکہ بندی کر کے نہتے فلسطینی مسلمانوں پر فاسفورس بم گرا رہے ہیں۔ اسرائیلیوں کو امریکہ و یورپ کی مکمل مددوحمایت حاصل ہے۔پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کیلئے بھارت نے اسرائیل سے خفیہ معاہدے کر رکھے ہیں۔

افغان مسلمان امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو افغانستان سے بھاگنے پر مجبورکر سکتے ہیں تو اسرائیل بھی ان شاء اللہ فلسطینی مسلمانوں کے سامنے نہیں ٹھہر سکے گا۔ جس طرح اللہ کی مدد یہاں اتری ہے اس کی مدد وہاں بھی آئے گی۔ جماعةالدعوة عیدالفطر پر وزیرستان متاثرین میں 2کروڑ روپے مالیت کا عید پیکج تقسیم کررہی ہے۔ ایک لاکھ افراد کے لئے خصوصی کھانے کے دسترخوان لگائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

متاثرین میں تیس ہزار نئے کپڑوں کے جوڑے تقسیم کئے جارہے ہیں۔واپڈا ٹاؤن میں افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کا ظلم صرف کشمیر تک محدود نہیں بلکہ پورے انڈیامیں مسلمانوں کا قتل عام کیاجارہا ہے۔ نریندر مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد مساجد ومدارس پر حملے بڑھ گئے۔ بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر اور کشمیر کی متنازعہ حیثیت کوختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

کہاجاتا ہے کہ مودی الیکشن کے ذریعہ منتخب ہو کر آیا ہے لیکن ہم صاف طور پر کہتے ہیں کہ مودی ہو یا کوئی اور نہتے مسلمانوں کے قتل عام اور بابری مسجد کی جگہ کسی کو رام مندر کی تعمیر کی اجازت نہیں دیں گے۔ جس دن رام مندر تعمیر کرنے کی کوشش کی گئی اسی دن پورے بھارت میں غزوہ ہند کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ افغانستان پر حملہ کے بعد پاکستان میں بھی اپنے اڈے بنانا چاہتا تھامگر اللہ نے اس کے سارے منصوبوں کو خاک میں ملادیا ہے۔

اب وہ آخری حربہ کے طور پر مسلمانوں کو آپس میں لڑانے، لسانیت پرستی و عصبیتیوں کو پروان چڑھانے اور قبائل میں بغاوتیں کھڑی کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔اس کی یہ سازشیں بھی ان شاء اللہ جلد دم توڑ جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ فلسطین، کشمیر، برما، انڈیا اور دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کی آزادیوں و حقوق کا تحفظ جہاد فی سبیل اللہ سے ہی ممکن ہے۔

اسی سے دنیا سے ظلم اور فساد کا خاتمہ ہو گا۔بھارتی مسلمانوں کا قتل عام اور بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیرروکنے کا حل بھی یہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکمران یہ بات یاد رکھیں کہ جب کسی خطے کے مسلمان دشمنوں کے ظلم وتشدد کا شکار ہوں او ر وہ مددکیلئے پکار رہے ہوں جس طرح فلسطین کے مسلمان آج پکار رہے ہیں تو پھراللہ حکمرانوں کومظلوم مسلمانوں کی مدد کا حکم دیتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لئے مالی طور پر انکا تعاون کرنا ہے جنکی ناکہ بندی کی گئی اوروسائل روکے گئے ہیں ۔رمضان کے مہینے میں بھی کھانے پینے کا سامان نہیں پہنچ رہا ،ہر طرف سے راستے روک دیئے گئے ہیں ۔ پاکستان ان ملکوں میں شامل ہو گا جو ان شاء اللہ فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لئے سب سے آگے ہو گا ،پوری مسلم امہ کو فلسطینیوں کی کھل کر مدد کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ مسلمانوں کا دشمن ہے۔ عرب سربراہ و دیگر اسلامی ممالک کے حکمران اس کا ساتھ چھوڑ دیں ،صرف افغانستان میں ا مریکہ نے لاکھوں مسلمانوں کو قتل کیا جب اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں اسرائیل کی درندگی کے خلاف قرارداد آئی تو امریکہ نے اسکی مخالفت کی جس سے یہ ثابت ہو گیا کہ وہ پورے عالم اسلام کا دشمن ہے ۔انہوں نے کہاکہ فلسطینی مسلمان اسرائیل کے خلاف میدان میں نکلے ہیں تو اسرائیلیوں کے لاشے تڑپنا شروع ہو گئے ہیں۔

ہم نے اسرائیل سے اپنا قبلہ اول چھڑانا ہے۔ شام او ر عراق میں جو لوگ کفار کی سازشوں کے راستے ہموار کر رہے ہیں اگر وہ جہاد کرنا چاہتے ہیں تو اسرائیلی درندوں کے خلاف کھڑے ہوجائیں۔انہوں نے کہاکہ امریکہ کی شکست کے بعد اسرائیل کو فکر لاحق ہے کہ اب امریکہ اور اس کے اتحادی اس کی پشت پناہی نہیں کر سکیں گے اس لئے وہ مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی قوت کو روکنا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ سازشیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔