مکہ مکرمہ ،مسجد حرام میں ختم قرآن، 10 لاکھ نمازیوں کی شرکت،زائرین کی کثیر تعداد ہونے کے باوجود پورے ماہ صیام میں کوئی ناخوش گوار واقعہ پیش نہیں آیا

اتوار 27 جولائی 2014 18:52

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جولائی۔2014ء)ماہ صیام کے دوران دنیا بھر کی مساجد کی طرح مسجد حرام میں بھی نماز تراویح میں ختم قرآن کریم کے موقع پر لاکھوں نمازیوں نے شرکت کی۔ ایک اندازے کے مطابق مسجد حرام میں ختم قرآن کے موقع پر اندرون اور بیرون ملک سے آئے نمازیوں کی تعداد دس لاکھ سے زیادہ تھی۔عرب ٹی وی کے مطابق اٹھائیس رمضان المبارک کی شب مسجد حرام میں نماز تراویح میں قرآن کریم مکمل ہوا۔

ختم قرآن میں شرکت کے لیے دن بھر زائرین کی مسجد حرام میں آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ نماز مغرب کے بعد زائرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے مسجد حرام کے صحن، مرکزی ہال اور گیلریاں نمازیوں سے کچھا کھچ بھر گئیں اور جگہ کم پڑ گئی جس کے باعث سیکڑوں افراد نے مسجد حرام کے باہر سڑکوں پر چٹائیاں بچھا کر نماز تراویح میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ختم قرآن کی تراویح کی امامت امام کعبہ الشیخ عبدالرحمان السدیس نے کرائی۔ نماز کے بعد انہوں نے طویل دعا کی گئی مسلمانوں نے اللہ سے مغفرت اور جنہم کی خلاصی کے لیے دعائیں کیں۔ امام کعبہ الشیخ السدیس نے سعودی عرب کے استحکام، سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے ساتھ عالم اسلام کو درپیش مسائل کے خاتمے کے لیے بھی دعا کی۔درایں اثناء مسجد حرام کے سیکیورٹی چیف میجر جنرل عثمان المحرج نے ایک عرب ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حرم مکی کے لیے ماہ صیام کے دوران سیکیورٹی کا وضع کردہ پلان نہایت کامیاب ثابت ہوا ہے۔

جنرل المحرج نے کہا کہ ماہ صیام میں معتمرین اور زائرین کعبہ کی حفاظت کو یقینی بنانا ایک مشکل مرحلہ تھا۔سیکیورٹی اداروں نے وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نائف کی زیر قیادت کم وقت میں بہترین سیکیورٹی پلان ترتیب دے کر اسے عملی شکل دی اور آخر کار اسے کامیاب کر دکھایا ہے۔ ماہ صیام کے دوران حرم شریف میں بڑی تعداد میں اندرون اور بیرون ملک سے زائرین مسجد حرام میں جمع تھے۔ زائرین کی کثیر تعداد ہونے کے باوجود پورے ماہ صیام میں کوئی ناخوش گوار واقعہ پیش نہیں آیا۔