وزیراعظم کے جانوروں پر لاکھوں روپے ماہانہ اخراجات

اتوار 27 جولائی 2014 17:38

وزیراعظم کے جانوروں پر لاکھوں روپے ماہانہ اخراجات

ایک طرف مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث جہاں عام آدمی کو کھانے کے لالے پڑے ہیں وہیں پاکستان جیسے غریب ملک کے امیر وزیراعظم ہر ماہ لاکھوں روپے صرف جانوروں کی دیکھ بھال کیلئے خرچ کردیتے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق رائے ونڈ پیلس میں وزیراعظم نواز شریف کے شوق کیلئے دنیا بھر کے جانوروں کی اعلیٰ نسلیں رکھی گئیں ہیں، جن میں مور، ہرن، چھوٹے قد کے گھوڑے، آسٹریلین بھینسیں، نیل گائے، نایاب طوطے، کبوتر اور دیسی بکرے شامل ہیں۔

حال ہی میں چوبیس لاکھ روپے مالیت کے نایاب نسل کے کتے بھی خریدے گئے ہیں، خاص بات تو یہ ہے کہ ان کی سیکیورٹی کیلئے غریب عوام کے ٹیکس پر تنخواہ لینے والے اکیس پولیس اہلکار رکھے گئے ہیں۔کچھ ماہ قبل ایک جنگلی بلے نے قمیتی مور پر حملہ کرکے اسے ہڑپ کرلیا تھا ،اس واقعہ کا وزیراعظم نے ازخود نوٹس لے کر ایس پی کی سرزنش کی۔

(جاری ہے)

جس پر پولیس افسر نے جانوروں کی سیکیورٹی پر موجود تین پولیس اہکاروں کو معطل کردیا،اہلکاروں نے چھاپہ مار کر بلے کو حراست میں لیا تو انہیں بخشا گیا۔

ذرائع کے مطابق ان جانوروں کی دیکھ بھال اور خوراک پر ماہانہ لاکھوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں جبکہ بتیس ارکان پر مشتمل عملہ صرف جانوروں کی خدمت کے لیے ہر وقت موجود رہتا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ لوگ یہاں بھوک سے مر رہے ہیں ایسے میں شاہانہ خرچ کرنا وزیراعظم کو زیب نہیں دیتا۔

متعلقہ عنوان :