ملائیشین طیارہ حادثہ، باغیوں کی ساتھی لڑکی کی گری ہوئی حرکت پر شدید غم و غصہ

ہفتہ 26 جولائی 2014 23:19

ملائیشین طیارہ حادثہ، باغیوں کی ساتھی لڑکی کی گری ہوئی حرکت پر شدید ..

کیف (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔2014ء) یوکرین میں تباہ ہونے والے ملائیشین ایئرلائن کے 298 جاں بحق مسافروں اور ان کے غمزدہ خاندانوں سے بدترین مذاق کرتے ہوئے یوکرینی باغیوں کی ساتھی ایک نوجوان عورت حادثے کا شکار ہونے والے مسافروں کے سامان سے لوٹا گیا مسکارا لگا کر انٹرنیٹ پر اپنی تصویریں بھیج دیں اور اس مکروہ فعل پر خوشی اور فخر کا اظہار بھی کیا۔

بے حس خاتون کی شناخت ایکاٹرینا کے نام سے کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ اس کا تعلق توریز نامی شہر سے ہے جو کہ طیارہ حادثے کی جگہ کے قریب ہی واقعہ ہے۔ خاتون نے یہ شرمناک حرکت سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام کے ذریعے کی۔ اس نے پہلے ایک نیلے رنگ کی مکارا کی بوتل کی تصویر بھیجی اور پھر یہ لکھا کہ ”یہ ایمسٹرڈیم کا مکارا ہے، یا اگر زیادہ صحیح طور پر کیا جائے تو اسے باہر کھیتوں سے لایا گیا ہے“ اس کا اشارہ اس جگہ کی طرف تھا جہاں کھیتوں میں طیارہ گرا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد اس نے اپنی تصویر بھی بھیجی جس میں وہ موت کا شکار ہونے والے کسی مسافر کا لوٹا گیا میک اپ استعمال کرکے مسکرا رہی ہے۔ جب اس سے پوچھا گیا کہ اس نے یہ سامان کہاں سے لیا تو اس کا جواب تھا کہ اس کے کسی دوست نے حادثے کی جگہ سے لوٹا اور اسے فراہم کیا۔ خاتون کی اس ظالمانہ حرکت پر انٹرنیٹ صارفین نے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد اس نے اپنا اکاﺅنٹ بند کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :