مسلم لیگ (ن) کی قیادت فوج کو سیاسی جھگڑوں میں گھسیٹنے کی سازش نہ کرے،شرجیل انعام میمن ، فوج اور سیاسی جماعتوں کو آپس میں لڑوانے کی مسلم لیگ (ن) کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی،وزیرا طلاعات و بلدیات سندھ

ہفتہ 26 جولائی 2014 21:11

مسلم لیگ (ن) کی قیادت فوج کو سیاسی جھگڑوں میں گھسیٹنے کی سازش نہ کرے،شرجیل ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت فوج کو سیاسی جھگڑوں میں گھسیٹنے کی سازش نہ کرے۔ فوج اور سیاسی جماعتوں کو آپس میں لڑوانے کی مسلم لیگ (ن) کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کی مثل سو چوہے کھا کر بلی حج کو چلی کی طرح ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی قیادت اب بھی انا پرستی کی لپیٹ میں ہے اور سیاسی بلوغیت اور لچک کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے۔ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کچھ وفاقی وزراء کے احمقانہ مشوروں کے باعث نظام میں غیر یقینی صورت حال اور عوام میں مایوسی پائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو فوج کے حوالے کرکے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ناکام ہوچکیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فوج کو سیاسی جھگڑوں میں گھسیٹنے سے ملک میں جمہوریت مستحکم نہیں ہوگی ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے اور ہم مسلم لیگ(ن) اور ان کی قیادت کی فوج اور سیاسی جماعتوں کو آپس میں لڑوانے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اپنے بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات نے کہا کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو بدنام کرنا سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کا ذاتی ایجنڈہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج افتخار محمد چوہدری کی مثل سو چوہے کھا کر بلی حج کو چلی کی طرح ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ملک میں ڈکٹیٹر شپ کو تقویت بخشنے اور ان کے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کو پایہء تکمیل تک پہنچانے میں چوہدری افتخار نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ نواز شریف اور ان کی پارٹی نے انتخابات سے قبل جو دعوے کئے تھے ان میں وہ مکمل طور پر ناکام ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے صوبہ سندھ کے ساتھ خصوصاً بجلی، پانی اورگیس کی فراہمی کے حوالے سے ناانصافیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اب بھی انا پرستی کی لپیٹ میں ہے اور سیاسی بلوغیت اور لچک کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت کی جانب سے وفاق سے کیئے گئے مطالبات پر کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :