امن قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ،قبائیلی عوام ملک کے دفاع کیلئے ایٹم بم سے زیادہ طاقتور اور فائدہ مند ہے ‘ سراج الحق ،قبائلیوں کو کو دیوار سے لگانے ،امداد کیلئے قطاروں میں کھڑا کرنے کے بجائے ان کی باعزت گھروں کو واپسی سے ہی مسائل حل ہونگے،حکمرانوں کی غلط اور امریکہ نواز پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں‘ امیر جماعت اسلامی کا امدادی پیکیجز تقسیم کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 26 جولائی 2014 20:57

امن قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ،قبائیلی عوام ملک کے دفاع کیلئے ایٹم ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔2014ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ قبائلی عوام ملک کے دفاع کے لیے ایٹم بم سے زیادہ طاقتور اور فائدہ مند ہے ان کو دیوار سے لگانے اور امداد کے لیے قطاروں میں کھڑا کرنے کے بجائے ان کی باعزت گھروں کو واپسی سے ہی مسائل حل ہوں گے ،آ ج قبائیلی عوام جس درد اور تکلیف سے گزر رہے ہیں اسلام آباد والوں کو ان کاحساب دینا ہوگا، حکمرانوں کی غلط اور امریکہ نواز پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں، حکمران امریکہ نواز پالیسیاں ترک کرتے ہوئے امریکہ ، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے ڈیکٹیشن لینے کے بجائے ایک غیرت مند اور باعزت ہونے کاثبوت دیں ،یوسف رضا گیلانی اور دوسرے اہم سیاسی رہنماؤں کے انکشافات کے بعد واضح ہوگیاہے کہ ملک و قو م کے تقدیر کے فیصلے اسمبلیوں کے بجائے کہیں اور ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخواکے زیر اہتمام آپریشن سے بے گھر ہونے والے 500 خاندانوں میں عید گفٹس اور امدادی پیکجز کی تقسیم کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے قائم مقام امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شبیراحمد خان ،صوبائی صدر الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا نور الحق اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

سراج الحق نے کہاکہ ہرپاکستانی کے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ آج 67 سال گزرنے کے بعد بھی ہمارے فیصلے واشنگٹن میں ہورہے ہیں۔قبائلی عوام جو 1400 کلومیٹر سرحدی علاقے کے محافظ ہیں جہاں پرآج بھی پاکستان کی سرحدیں ، قومی ترانے اور جغرافیائی حدود کی حفاظت کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج بھی آئی ڈی پیز کے بچے کیمپوں کے اندر قومی ترانہ گاتے ہیں۔یہ اس بات کا ثبو ت ہے کہ یہ قبائلی عوام اتنی تکالیف کے بعد بھی اسلام آباد والوں سے زیادہ محب وطن ہیں۔

انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام کی وجہ سے آج افغا نستان روسیوں کا قبرستان بن چکا ہے اور امریکی اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام کے ساتھ حکمرانوں نے ہمیشہ امتیازی سلوک روا رکھا ہے ان کے لیے نہ کوئی یونیورسٹی ہے نہ ہسپتال ۔ آپریشن کی وجہ سے ان کے بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہوچکا ہے سکول کالجز بند ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ امن قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن اگر آج بھی حکمران قبائلی عوام پر اعتماد کریں تو ملک میں امن قائم ہو سکتاہے اب وقت آگیا ہے کہ قبائلی زعما کے مشورے سے قبائلی علاقوں کے لیے ترقی کا نظام بنایا جائے۔

سراج الحق نے کہاکہ حکومت قبائلی عوام کو سہولیات مہیا کر کے واپس باعزت طریقے ان کے گھروں کو جانے دیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گھرہونے والے ہمارے بھائی ہیں اور ان کی خدمت کسی پراحسان نہیں ہے بلکہ ہم سب کی ذمہ داری اور فرض ہے جس کو جاری رکھیں گے۔