پی آئی اے میں ایک اور ایئربس A320 طیارہ شامل، دسمبر تک مزید 7 سے 10 طیارے شامل کئے جائیں گے، کسی ملازم کو نہیں نکالا جائیگا، چیئر مین پی آئی اے محمد علی گردیزی

ہفتہ 26 جولائی 2014 20:02

پی آئی اے میں ایک اور ایئربس A320 طیارہ شامل، دسمبر تک مزید 7 سے 10 طیارے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔2014ء) پی آئی اے کے فضائی بیڑے کو جدید بنانے کیلئے اس میں نئے طیاروں کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت ایک ایئر بس A320 طیارہ پہلے شامل ہو چکا ہے جبکہ ڈرائی لیز پر دوسرا طیارہ آج شامل ہو گیا ہے۔ ان طیاروں کی شمولیت کے بعد پی آئی اے کے فضائی آپریشن میں قابل استعمال طیاروں کی تعداد 26 ہو گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکریٹری ایوی ایشن اور چیئرمین پی آئی اے محمد علی گردیزی نے نئے طیارے کی شمولیت پر اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

محمد علی گردیزی نے کہا کہ ہمار مشن پی آئی اے کی بحالی ہے اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور معاون خصوصی برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم کے ویژن اور حکومت پاکستان کی سپورٹ سے ہم کامیابی سے اس جانب گامزن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے کم ایندھن خرچ کرنے والے طیاروں کی فضائی بیڑے میں شمولیت سے تیل کی مد میں ہونے والے اخراجات میں خاطر خواہ کمی آنے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو سفر کی آرام دہ سہولیات میسر آئیں گی۔

چیئرمین پی آئی اے کا کہنا تھا کہ ڈرائی لیز پر تیسرا طیارہ اکتوبر میں شامل ہو گا جبکہ ویٹ لیز پر ایک طیارہ4 اگست کو پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہو جائے گا۔ اور ہماری کوشش ہے کہ دسمبر تک 7 سے10 مزید طیارے ڈرائی اور ویٹ لیز پر پی آئی اے میں شامل ہو جائیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان طیاروں کی شمولیت سے ایئر لائن کے ریونیو میں اضافہ ہو گا اور کسی بھی ملازم کو ایئر لائن سے نہیں نکالا جائے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مینیجنگ ڈائریکٹر پی آئی اے شاہ نواز رحمان نے کہا کہ نئے طیاروں کی ڈرائی لیز پر حصول کے عمل میں شفافیت کو مقدم رکھا گیا ہے اور ان طیاروں کی شمولیت کے بعد معطل کی گئی پروازیں بحال اور نئے مقامات کیلئے پروازیں شروع کی جائیں گی۔انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے بہتر حکمت عملی اور نئے طیاروں کی شمولیت کے بعد جلد اپنے شاندارماضی کے مقام کو دوبارہ سے حاصل کر لے گی۔ تقریب میں پی آئی اے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :