گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال ،جمہوریت کا استحکام و تسلسل ہی ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل ہے ،تمام سیاسی قوتوں کو اس سلسلے میں کوئی دو رائے نہیں رکھنی چاہیے ‘ چوہدری محمد سرور ،(ن) لیگ جمہوریت کے تسلسل اور سیاسی عمل کے استحکام پر مکمل یقین رکھتی ہے ،یہی اصول جمہوری سیاست کا حُسن ہے‘ خواجہ سعد رفیق

ہفتہ 26 جولائی 2014 19:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی ۔ جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ جمہوریت کا استحکام و تسلسل ہی ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل ہے اور تمام سیاسی قوتوں کو اس سلسلے میں کوئی دو رائے نہیں رکھنی چاہیے ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں اور ہمیں اس اہم موقع پر فوج کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے تاکہ پوری دنیا کو یہ پیغام ملے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس اہم معاملے پر متحد ہیں ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون جمہوریت کے تسلسل اور سیاسی عمل کے استحکام پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ہم سیاسی جماعتوں سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ اپنے اپنے سیاسی ایجنڈوں کی بجائے پاکستان کی سلامتی کے ایجنڈے کو سرفہرست رکھیں گی اوریہی اصول جمہوری سیاست کا حُسن ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں‘ معروف صنعت کار خواجہ خاور کی قیادت میں وفد نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی اور انہیں آئی ڈی پیز کے لیے تیس لاکھ روپے کا امدادی چیک پیش کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متاثرہ افراد کی بحالی ہمارا قومی فریضہ ہے اور حکومت اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مختلف طبقوں کی طرف سے آئی ڈی پیز کی بحالی کے لیے امدادی سرگرمیوں میں شمولیت لائق تحسین ہے اور یہ ایک زندہ قوم ہونے کی علامت ہے ۔