پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی سندھ برانچ کی جانب سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا

ہفتہ 26 جولائی 2014 17:22

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔2014ء) پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی سندھ برانچ کی جانب سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں قدرتی آفات سے نمٹنے اور متاثرہ انسان کی جان بچانے کے لیے برانچ ڈیزاسٹر ریسپونس ٹیم (بی ڈی آرٹی ) ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تربیتی ورکشاپ میں سندھ کے تمام ڈسٹرکٹ برانچوں کراچی،ٹھٹھہ،بدین ،دادو،تھرپارکر،سانگھڑاور جیکب آباد سمیت دیگر اضلاع سے 20افراد نے شرکت کی۔

یہ ٹریننگ ورکشاپ 21سے25جولائی2014 تک کراچی کے مقامی ہوٹل (بیچ لگژری) میں منعقد کی گئی جس کا مقصدبی ڈی آر ٹی کے عملے کو جدیددور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیزاسٹر رسپانس کے نئے طریقوں سے روشناس کرواناتھا۔ اس موقع پر پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ برانچ کے صوبائی سیکریٹری کنوروسیم نے اختتامی تقریب میں کہا کہ بی ڈی آرٹی کسی بھی سانحہ یا آفت کے وقت ڈسٹرکٹ برانچوں کے نمائندوں کے ساتھ ملکربھرپور خدمات سرانجام دیتی ہے اور متاثرہ افراد کی بھرپور مدد جاری رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تربیتی ورکشاپ میں موجود افراد میں تمام صلاحتیں موجود ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ اپنی اس ورکشاپ کے تجربات کسی بھی سانحہ کے وقت استعمال کرسکیں گے۔ان کا کہناتھا کہ جب تک کسی ڈیزاسٹرمیں جاکر کام نہ کیا جائے بہتر معلومات کا اندازہ لگانا بہتر نہیں ہے،جب ضلعی برانچیں مضبوط نہیں ہوگی بہتر رزلٹ نکلنا مشکل ہوسکتاہے جب اگر یہ برانچیں مضبوط ہوں گی تو بہتری آئے گی،ہمای کوشش ہے کہ اس کو مضبوط بنائیں اور اس طرح کی ورکشاپ کا انعقاد ہر سال کیا جائے گا،کسی بھی واقعہ یا سانحہ پر فوری طور پر پہنچنا بہت ضروری ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہر وقت تیار رہنے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی وقت کسی سانحہ پرفوری قابو پایا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ پی آرسی ایس اس سے قبل بھی سال 2009اورسال2012میں بھی بی ڈی آر ٹی ٹریننگ کراچکی ہے جس کو بے حد سراہا گیاتھا۔اس موقع پر ہیلتھ منیجر ڈاکٹر علی وارثی،ڈاکٹر رضوانہ واصف،محمد آفتاب مدنی،محمد ساجد ،عارف حسین اور کاشف علی بھی موجود تھے۔بعد ازاں ٹریننگ حاصل کرنے والے افراد میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :