حکومت شمالی وزیرستان میں آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والے افراد کی بھرپور مدد کر ر ہی ہے،شاہ فرمان

جمعہ 25 جولائی 2014 22:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبنوشی و ثقافت شاہ فرمان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت شمالی وزیرستان میں آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والے افراد کی بھرپور مدد کر ر ہی ہے مشکل کی اس گھڑی میں شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے لوگ اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔شمالی وزیرستان کے متاثرین کے ساتھ اظہاریک جہتی کے لئے پارٹی چیرمین عمران خان ، صوبائی وزراء، منتخب عوامی نمائیندوں اور دیگر قائدین کے ہمراہ عید متاثرین کے ساتھ بنوں میں گزاریں گے۔

خیبر پختونخوا کے غیور عوام اور تحریک انصاف کی اتحادی حکومت متاثرین شمالی وزیرستان کے ساتھ پر عزم طور پر کھڑی ہے اور نہ صرف آپریشن کے دوران انکی بھرپور دیکھ بھال کی جائے گی بلکہ انکی بحالی و آباد کاری کے لئے بھی ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

یہاں سے جاری ہونے والے ایک خصوصی بیان میں وزیر آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمرا ن خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبائی حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرر ہی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے متاثرین کی دیکھ بھال پر بھر پور توجہ دینے اور انکی تمام بنیادی ضروریات پوری کرنے کی بھی ہدایت دی ہے اور کہاہے کہ اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

شاہ فرمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور حکومتی اراکین متاثرین شمالی وزیرستان کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اس ضمن میں صوبائی حکومت وسائل کی کوئی کمی آڑے نہیں آنے دے گی۔ وزیر آبنوشی و ثقافت نے کہا کہ متاثرین کی بھرپور دیکھ بھال کے لئے وفاقی حکومت کوبھی اپنا کرداراور ذمہ داری ادا کرنی ہو گی اور سیاست سے بالاتر ہوکر شمالی وزیرستان کے بھائیوں کی اس مشکل وقت میں بھرپور مدد کرنی چاہیے۔

شاہ فرمان نے خیبر پختونخوا کے عوام سے بھی اپیل کی کہ عید کی خوشیوں میں شمالی وزیرستان کے بھائیوں کوبھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں تاکہ انہیں اس خوشی کے موقع پر تنہائی کااحساس نہ ہو۔ شاہ فرمان نے کہاکہ خدا کے فضل وکر م سے بہت جلداس خطے میں امن کاقیام ہوگا اور شمالی وزیرستان سمیت تمام بے گھر ہونے والے افراد کو با عزت طریقے سے اپنے آبائی علاقوں میں دوبارہ آباد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :