اسلام آباد کوفوج کے حوالے نہیں کیاجارہا،وزارت داخلہ

جمعہ 25 جولائی 2014 20:52

اسلام آباد (پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) ترجمان وزارت داخلہ نے الیکٹرانک میڈیا کے چند حلقوں میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے منسوب آرٹیکل 245 کے بارے میں بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد کوفوج کے حوالے نہیں کیاجارہا،فوج کے دستے ایئرپورٹ سمیت حساس مقامات پر پولیس کی معاونت کرینگے۔جمعہ کوایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ نہ اسلام آباد کو فوج کے حوالے کیا جارہا ہے اور نہ ہی اس سارے سلسلے میں پہلی اگست کی تاریخ کی کوئی نسبت ہے۔

حقیت یہ ہے کہ دہشت گردی کے کسی بھی ممکنہ حملے کو روکنے کے لیے اور مجموعی طور پر اسلام آباد میں تحفظ اورامن کی فضاء کو مستحکم کرنے کی خاطر فوج کو پولیس اور سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے ایک محدود وقت کے لئے طلب کیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

بیا ن کے مطابق اس سلسلے میں قانونی ، آئینی اور انتظامی پہلووں کا جائزہ گزشتہ چند ہفتو ں سے لیا جا رہا تھا اور بلآخر یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس کا باقاعدہ نوٹیفیکشن 24 جولائی کوجاری کردیاجائے ۔

جس کے تحت افواج پاکستان کے مخصوص دستے ایئر پورٹ سمیت چند دوسرے حساس اور اہم مقامات پر پولیس اور سول انتظامیہ کی معاونت کریں گے اور اس کے علاوہ فوجی دستے سریع الحرکت فورس کے طور پربھی ذمہ واریاں نبھائیں گے ۔ انہیں اپنی ذمہ واریوں کی بجاآوری کے لئے آئین پاکستان کے آرٹیکل 245کی مدد اور تحفظ حاصل ہو گا۔ حکومتی ترجمان نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی دارلحکومتوں میں بھی جہاں جہاں فوج کی ضرورت یا طلب ہوئی وہاں بھی یہ ماڈل اور طریقہ کار استعمال کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :