اسرائیل پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے، سید صلاح الدین

جمعہ 25 جولائی 2014 20:40

کراچی ( پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) فلسطین ایکشن کمیٹی کے تحت جمعہ کے دن یوم احتجاج منایا گیا۔ اس سلسلے میں ریگل چوک، نمائش، کراچی پریس کلب، گلشن اقبال، گلستان جوہر، کورنگی، لانڈھی، بہار کالونی، لیاری، لیاقت آباد کے علاقوں میں مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے منقعد ہوئے۔ احتجاجی مظاہروں سے فلسطین ایکشن کمیٹی کے صدر سید صلاح الدین، جنرل سیکریٹری قاسم جمال، صبغت اللہ، فرحاد گل دیگر ذمہ داران نے خطاب کیا۔

احتجاجی مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اُٹھائے ہوئے تھے جس میں اسرائیلی بربریت اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ موسیٰ کالونی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین ایکشن کمیٹی کے صدر سید صلاح الدین نے کہا کہ غزہ میں پناہ گزین کیمپ پر بمباری سے شہادتیں 800 کے قریب ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

اسرائیل نے غزہ کے اکثریتی علاقے کو فلسطینیوں کیلئے نوگو ایریا بنادیا ہے۔

پوری قوم فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کیلئے میدان عمل میں نکل آئی ہے۔ اسرائیل پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے۔ فلسطین میں غیر مشروط جنگ بند کی جائے اور فوج کا انخلاء کیا جائے۔ مسلم ممالک اور او آئی سی اپنا کردار ادا کریں۔ اقوام متحدہ نے مسلمانوں کو مایوس کیا ہے۔ کورنگی میں قاسم جمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے معصوم بچے آج کسی صلاح الدین ایوبی اور محمد بن قاسم کو پکار رہے ہیں۔

غزہ میں اسرائیلی بربریت کے ذمہ دار مسلم حکمران ہیں۔ مسلم حکمرانوں نے اسرائیل کو تحفظ فراہم کیا تو تاریخ اُنہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ صبغت اللہ نے بہار کالونی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کے قتل کے ذمہ دار مسلم حکمران ہیں۔ او آئی سی ڈھکوسلہ ثابت ہوئی ہے اور اقوام متحدہ امریکہ کی لونڈی کا کردار ادا کررہی ہے۔ مسلم دنیا کے بزدل حکمران غزہ کے معصوم بچوں کے قاتل ہیں۔ مسلمان مغربی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔ فرحاد گل نے کہا کہ جب تک مسلمان آپس میں متحد نہیں ہونگے اسلام دشمن قوتیں اُن کے خون سے ہولی کھیلتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :