لاہور، جمعتہ الوادع کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

جمعہ 25 جولائی 2014 20:16

لاہور(پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) صوبائی دارالحکومت میں رمضان المبارک کے جمعتہ الوداع کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کرتے ہ وئے شہر کی معروف مساجد، مزارات، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کے باہر اضافی نفری تعینات کرنے کے علاوہ شہر کی بڑی شاہرات پر پولیس ناکے لگا کر چیکنگ کی جاتی رہی۔ خصوصاً دربار داتا صاحب، بی بی پاکدامن، کربلا گامے شاہ کے باہر پولیس بیرئیر لگا کر نماز کیلئے آنے والے نمازیوں اور حاضری دینے والے زائرین کو واک تھروگیٹس سے گزارنے کے علاوہ میٹل ڈیٹکٹر سے چیکنگ کے بعد اندر داخل ہونے دیا گیا۔

خواتین کے بیگز بھی چیک کئے گئے۔ سکیورٹی کے حوالے سے کیپٹل سٹی پولیس آفیسر ذوالفقار حمید نے پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔

(جاری ہے)

2014ء سے گفتگو کے دوران کہا کہ موجودہ حالات میں سکیورٹی کے معاملے میں کسی قسم کا رسک لینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ میٹل ڈیٹکٹر سے بھی چیکنگ کرنے کے بعد گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت ملتی ہے۔

معمولی شک گزرنے پر سواریوں کو گاڑی سے اتارنے کے بعد مکمل چیکنگ کے بعد ہی داخل ہونے دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعتہ المبارک اور خصوصاً رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہر کی تمام معروف مساجد کے علاوہ دیگر مساجد کے علاوہ دیگر مساجد پر بھی نماز کے اوقات میں سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مساجد کے اماموں خطیبوں کے ساتھ میٹنگس کرکے انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی دیگر مسالک کے خلاف بیان بازی کرنے والے اماموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام ڈویژنوں کے ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ڈویژن میں سکیورٹی کی خودنگرانی کریں۔ سکیورٹی کے معاملے میں کسی آفیسر یا اہلکار کی غفلت یا لاپرواہی کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں احساس ہے کہ شہر میں لگنے والے پولیس ناکے شہریوں کے لئے پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔ لیکن شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوان رات بھر سڑکوں پر گشت کرکے شہریوں کی رکھوالی کرتے ہیں کہ شہری سکون کی نیند لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک دہشتگردی سے نبرد آزما ہے۔ اور پوری قوم ہماری افواج کے ساتھ ہے۔ دہشتگردی سے نپٹنے کیلئے فوج اور پولیس کے علاوہ شہری بھی اپنا کردار ادا کریں اور اپنے گردونواح پر کڑی نظر رکھیں اس طرح دہشت گردی کو کنٹرول کرنے میں مدد مل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو سیسہ پلائی کی دیوار کی مانند خود کو ثابت کرنے پڑے گا تب ہی اس عذاب سے چھٹکارا ممکن ہو گا۔

متعلقہ عنوان :