غیر معمولی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کو یکم اگست سے تین ماہ کے لئے فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چوہدری نثار

جمعہ 25 جولائی 2014 18:57

اسلام آباد (پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ غیر معمولی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں یکم اگست سے تین ماہ کے لئے فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے لئے وزارت داخلہ نے وزارت دفاع کو ریکوزیشن بھجوا دی ہے ‘ تحریک انصاف نے آزادی مارچ کے لئے اسلام آباد انتظامیہ کو درخواست نہیں دی‘ آزادی مارچ کی اجازت دینے کا فیصلہ وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد کیا جائے گا۔

جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں فوج طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے لئے وزارت دفاع کو باضابطہ طور پر ریکوزیشن بھجوا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

فوج یکم اگست سے تین ماہ تک اسلام آباد میں موجود رہے گی اور اس کی تعیناتی سکیورٹی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے آزادی مارچ کے لئے اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر کو ابھی تک کوئی درخواست نہیں دی‘ پی ٹی آئی کی درخواست موصول ہونے کے بعد اس پر مشاورت کی جائے گی اور وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد تحریک انصاف کو مارچ کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن کے ممکنہ ردعمل سے بچنے کیلئے ملک بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے اور صوبائی حکومتوں کو خصوصی طور پر ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے پولیس اور سکیورٹی اداروں کو تیار رکھیں۔

متعلقہ عنوان :