مسافروں سے زائد کرایہ وصول کر نے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن کر نے کا سخت فیصلہ

جمعہ 25 جولائی 2014 18:14

مسافروں سے زائد کرایہ وصول کر نے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن ..

لاہور(‘اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء )ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان کی ہدایت پر عید الفطر کے موقع پر لاہور شہر سے اپنے گھروں کو جا نے والے مسافروں کو ٹرانسپورٹروں کی لوٹ مار سے بچانے کے لیے ایک اہم اجلاس آر ٹی اے لاہور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ٹرانسپورٹرز اور سیکرٹری آر ٹی اے کے انسپکٹرز نے شرکت کی۔اجلاس میں مسافروں سے زائد کرایہ وصول کر نے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن کر نے کا سخت فیصلہ کیا گیا ہے۔

زائد کرایہ وصول کر نے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف کارروائی کے لیے 4سپیشل سکواڈز ترتیب دئیے گئے ہیں۔2ٹیمیں لاری اڈہ اور 2ٹیمیں بند روڈ پر اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گی جبکہ سیکرٹری آرٹی اے کے آفس میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

مسافر اس ٹیلی فون نمبر 99200484پر زائد کرایہ وصول کر نے کی شکایت درج کروا سکیں گے تا کہ زائد کرایہ وصول کر نے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف بر وقت کارروائی کی جا سکے جبکہ زائد کرایہ وصول کر نے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف تین سطح پر ایکشن کیا جائے گا۔

پہلی دفعہ زائد کر ایہ وصول کر نے کی شکا یت پر ٹرانسپورٹر کو جرمانہ کیا جائے گا اور مسافر کی زائد وصول کی ہوئی رقم واپس لے کر دی جائے گی اگر وہی ٹرانسپورٹر دوسری دفعہ پھرزیادہ کرایہ وصول کر تے ہوئے پایا گیا تو اس کی گاڑی عید تک بند کر دی جائے گی اور عید کے بعد چھوڑی جا ئے گی جبکہ تیسری شکایت پر اڈہ مینجر کے خلاف مقدمہ درج کروایا جائے گا۔اجلاس میں ٹرانسپورٹروں نے بھی اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ وہ سرکاری اور طے شدہ کرایوں پر ہر صورت عمل درآمد کروائیں گے۔علاوہ ازیں ڈی اولاری اڈہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں لاری اڈہ میں کرایوں پر سختی سے عمل درآمد کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔