وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر10 سالہ تبسم شہزاد کو علاج کیلئے گجرات سے لاہور منتقل کیا جا رہا ہے‘ خواجہ سلمان رفیق

جمعہ 25 جولائی 2014 18:14

لاہور ( ‘اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق 10 سالہ تبسم شہزاد کو علاج کے لئے گجرات سے لاہور منتقل کیا جا رہا ہے ، بچے کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عزیز بھٹی شہید ہسپتا ل گجرات میں زیر علاج دونوں بازوؤں سے محروم کئے جانے والے 10 سالہ تبسم شہزاد کی عیادت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچے کو جناح ہسپتال لاہور میں شفٹ کیا جائے گا جبکہ سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل سپیشل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جا رہا ہے جس میں دیگر ہسپتالوں کے سینئر ڈاکٹرز کو بھی شامل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل میڈیکل بورڈ بچے کا علاج معالجہ کرے گا جبکہ وہ خود اور سیکرٹری ہیلتھ بھی تبسم شہزاد کے علاج معالجے کی خصوصی طو رپر نگرانی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لئے حکومت کیس کی خود نگرانی کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :