سانحہ ماڈل ٹاون کا مقدمہ اللہ کے حضور درج ہو چکا ہے: چوہدری شجاعت

جمعہ 25 جولائی 2014 17:21

سانحہ ماڈل ٹاون کا مقدمہ اللہ کے حضور درج ہو چکا ہے: چوہدری شجاعت

لاہور ( ‘اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر ابھی تک درج نہیں ہو سکی لیکن ان بیگناہوں کے خون ناحق کا مقدمہ اللہ کے حضور درج ہو چکا، حکمرانوں کو اللہ تعالیٰ کی عدالت میں پیش ہو کر جواب دینا ہو گا، ظلم کے بعد اب انقلاب کی باری ہے۔

وہ یہاں ادارہ منہاج القرآن میں فائرنگ سے شہید ہونیوالے صوفی محمد اقبال کے گھر پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے شہید کے بچوں کو دلاسہ دیا اور عیدی بھی دی۔ انہوں نے کہاکہ ہم شہداء کے پسماندگان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے ایک سوال پر کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ آزادی مارچ اور انقلاب اکٹھا ہو جائے، ہم ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کو اکٹھے دیکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے ایک اور سوال پر کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت سے رابطہ کیا ہے لیکن آصف علی زرداری سے ابھی تک رابطہ نہیں ہوا اور ان کے ساتھ لانگ مارچ پر بات نہیں ہوئی، ہم چاہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی بھی ہمارے ساتھ احتجاج میں شریک ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماڈل ٹاؤن میں ظلم کی انتہا کر دی، عوام کو ظلم و ستم سے بچانے اور ان کے حقوق کی بحالی کیلئے انقلاب بہت ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :