نیشنل گرڈ میں خرابی، کراچی کا 80 فیصد علاقہ بجلی سے محروم

جمعہ 25 جولائی 2014 16:50

کراچی (‘اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) شہر قائد میں ہلکی بارش نے بڑا بحران جنم دے دیا۔ نیشنل گرڈ سے650 میگاواٹ بجلی کی فراہمی بند ہونے پر کے الیکٹرک کے تمام پیداواری یونٹ ٹرپ کرگئے جبکہ دھابیجی پمپنگ سٹیشن میں بجلی کے بریک ڈان کے باعث کراچی کو پانی کی سپلائی بھی متاثر ہوگئی ہے ۔تفصیلا ت کے مطابق جمعہ کو کراچی والوں کیلئے ہلکی بارش بڑی پریشانی لے آئی ،کے الیکٹرک کا نظام ہلکی بارش بھی نہ جھیل سکا اور جواب دے گیا ۔

جامشورو کے مقام پر کے آئی سرکٹ ٹرپ کرجانے کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔جسکے بعد نیشنل گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی اور تھرمل پاورپلانٹ میں آتشزدگی نے پورا نظام مفلوج کردیا ۔کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق نیشنل گرڈ میں فنی خرابی کے باعث کراچی کا80 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہوا۔

(جاری ہے)

متاثر علاقوں میں نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ڈیفنس سوسائٹی، ملیر ، لانڈھی، کورنگی، فیڈرل بی ایریا،برنس روڈ، لیاقت آباد، گلشن اقبال اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

دوسری جانب دھابیجی پمپنگ سٹیشن میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی شہر کو پانی کی سپلائی متاثر ہوگئی ۔ دھابیجی، پیپری اور گھارو پمپنگ اسٹیشن مکمل طور پر بند ہوگئے ہیں۔ دھابیجی میں اچانک بجلی بند ہونے کے باعث بہتر انچ کی مین لائن پھٹ گئی جس سے پانی کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :