Live Updates

لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ عمران خان انتخابی جنگ سے لے کر اعصابی جنگ تک ہر محاذ پر ناکام ہوتے جارہے ہیں ‘ مشاہد اللہ خان

جمعہ 25 جولائی 2014 16:05

لاہور( ‘اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہدا للہ خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے مسلم لیگ (ن) پر افتخار چوہدری کو میدان میں اتارنے کا بیان شدید قابلِ مذمت اور اُنکی ذہنی دیوالیہ پن کو ظاہر کرتا ہے،عمران خان کی یہ عادت بن چکی ہے کہ وہ پہلے دوسروں کی ذات پر کیچڑ اچھالتے ہیں اور جب ان الزامات کا جواب دیا جائے تو وہ اسے اپنے خلاف (ن) لیگ کی سازش قرار دیتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس کوئی ایجنڈہے نہ کوئی حکمت عملی کہ اُنھیں جانا کس سمت ہے ۔ مشاہداللہ خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندر موجود ناپختہ ذہنوں نے اسے پاکستان تحریک انصاف کو پاکستان تحریک الزام بنا ڈالا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پی ٹی آئی کے رہنماوٴں سے درخواست کی ہے کہ خدارا سیاسی مخالفتوں کو ذاتی دشمنوں میں بدلنے کی روش کو ترک کر دیں۔

مشاہد اللہ خان نے کہاکہ تحریک انصاف کا سونامی ایک صوبے میں تبدیلی تو نہ لا سکا البتہ تحریک انصاف کے رہنماوٴں کے رویے کی وجہ سے ملک میں انتشار ، فساد اور الزامات کا سونامی یقینا ملکی منظر نامے پر چھائے رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ عمران خان انتخابی جنگ سے لے کر اعصابی جنگ تک ہر محاذ پر ناکام ہوتے جارہے ہیں ۔

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ اگر تو واقعی میں عمران خان کا مقصد انتخابی نظام میں اصلاحات کرنا ہے تو پارلیمنٹ کی سطح پر قائم کردہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں اپنے موثر کردار کو یقینی بنائیں ۔ جبکہ خود تحریک انصاف اس کمیٹی کا حصہ بن چکی ہے اب اس مقصد کے لئے لانگ مارچ کی گنجائش نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ اس سب کچھ کے باوجو دبھی اگر عمران خان لانگ مارچ کرنے پر مُصر ہیں اور بقول ان کے کہ وہ اتنی آسانی سے واپس نہیں لوٹیں گے تو اس کا مطلب اس کے علاوہ کچھ نہیں لیا جاسکتا کہ صرف اور صرف دنگہ فساد کرکے ذاتی توجہ چاہتے ہیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :