شہباز شریف کی زمیندار کے ہاتھوں متاثرہ بچے کی عیادت، ڈی ایس پی، اے ایس پی اور ایم ایس معطل

جمعہ 25 جولائی 2014 13:04

شہباز شریف کی زمیندار کے ہاتھوں متاثرہ بچے کی عیادت، ڈی ایس پی، اے ایس ..

گجرات(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25جولائی 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گزشتہ روز زمیندار کی سفاکیت کا نشانہ بننے والے 10 سالہ بچے کی عیادت کی اور ایف آئی آر کاٹنے میں تاخیر اور طبی سہولیات میں غفلت برتنے پر ڈی ایس پی، اے ایس پی اور ایم ایس کو برطرف کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہائی کرادی۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے گجرانوالہ میں زمیندار کی درندگی کا نشانہ بننے والے 10 سالہ بچے تبسم شہزاد کی گجرات میں عزیز بھٹی اسپتال میں عیادت کی اور والدین سے طبی سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا جس پر والدین نے بتایا کہ ڈاکٹر تعاون نہیں کر رہے۔

وزیراعلیٰ نے ڈی پی او گجرات سے واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کی اور پولیس کی جانب سے کیس کی ایف آئی آر کاٹنے میں تاخیر پر پولیس اہلکاروں کی سرزنش بھی کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے غفلت برتنے پر ڈی ایس پی، اے ایس پی اور ایم ایس کو معطل کردیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ڈی پی او گجرات کو حکم دیا کہ کوتاہی کے ذمے داروں کا تعین کیا جائے ورنہ سب کو معطل کردوں گا، یقین دلاتا ہوں کہ ملزم کو سخت سے سخت سزا دلائیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بچے کا علاج دنیا کے جس حصے میں بھی ممکن ہوا کرائیں گے۔

واضح رہے کہ زمیندار غلام مصطفیٰ کا پانچویں جماعت کے طالب علم 10 سالہ شہزاد تبسم کے والد سے چند روز قبل ٹرانسفارمر لگانے پر جھگڑا ہوا جو اس وقت تو صلح صفائی کے بعد معاملہ ختم ہوگیا لیکن غلام مصطفیٰ کے دل کی آگ ٹھنڈی نہ ہوئی اور وہ موقع کی تلاش میں رہا جو اسے 21 جولائی کو اس وقت ملا جب اس نے تبسم کو اپنے کھیتوں کی جانب آتے دیکھا اور موقع پاکر اس نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے بچے کے دونوں بازوں باندھ کر اسے ٹیوب ویل کی شافٹ پر پھینک دیا جس سے اس کے دونوں بازو کٹ گئے۔

متعلقہ عنوان :