Live Updates

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے اسلام آباد میں جلسہ کر کے واپس آجائینگے ،ٹی ٹونٹی نہیں ٹیسٹ سیریز کھیلنے جارہے ہیں ،کامیاب لوٹیں گے‘ عمران خان،ہم لاکھوں لوگوں کو لے کر اتنی دور صرف اسلام آباد دیکھنے نہیں جارہے ، یہ فیصلہ کن جنگ ہو گی،عوام بچوں اور ملک کے مستقبل کیلئے باہر نکلیں،ملک میں تباہی مچی ہوئی ہے اور وزیر اعظم خاندان کے ہمراہ عمرہ کرنے چلے گئے ہیں ،قرآن میں لکھا ہے انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے ،انتخابی نظام صرف سڑکوں پر ہی بدلے گا ،تحریک انصاف کے چیئرمین کا گلبرگ میں پارٹی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 24 جولائی 2014 22:22

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے اسلام آباد میں جلسہ کر کے واپس آجائینگے ،ٹی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ اسلام آباد میں جلسہ کر کے واپس آجائیں گے ، ٹونٹی ٹونٹی میچ نہیں بلکہ ٹیسٹ سیریز کھیلنے جارہے ہیں اور انشا اللہ کامیاب لوٹیں گے،ملک میں اس وقت تباہی مچی ہوئی ہے اور وزیر اعظم اپنے خاندان کو لے کر عمرہ کرنے چلے گئے ہیں حالانکہ قرآن میں لکھا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنا سب سے بڑی عبادت ہے ، اگر ہم نے موجودہ حکمرانوں کو چیلنج نہیں دینا تو پھر دو ہی راستے بچتے ہیں کہ ہم آئندہ انتخابات میں دھاندلی کا دھاندلی سے مقابلہ کر یں یا پھر انتخابات میں ہی حصہ نہ لیں ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے جمعرات کی رات گلبرگ میں تحریک انصاف لاہور کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ جو حکومتیں عوام کے ووٹ سے اقتدار میں نہیں آتیں انہیں عوام کی مشکلات کی کوئی فکر نہیں ہوتی ۔یہ حکومتیں صرف بزنس کرنے آتی ہیں اور موجودہ حکمرانوں کا بھی اربوں روپے باہر پڑا ہوا ہے اور عالی شان محلات ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نئے پاکستان کی بات کرتے ہیں تو ہمیں پاکستان کا انتخابی نظام ٹھیک کرنا ہوگا وگرنہ ہم ان دو نمبر لوگوں کو کبھی شکست نہیں دے سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ 14اگست کو تحریک انصاف کی نہیں بلکہ پاکستان کی جنگ لڑ نے جارہے ہیں ، عوام اپنے بچوں اور ملک کے مستقبل کے لئے باہر نکلیں۔ میں بتانا چاہتا ہوں کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہم اسلام آباد جارہے ہیں او رجلسہ کر کے واپس آجائیں گے ۔

انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ جب چوہدری شجاعت حسین وزیر اعظم تھے تو ایک بھارتی صحافی نے انہیں سوال کیا کہ کیا آپ ایٹم جلا دیں گے تو شجاعت حسین نے جواب دیا تھا کہ ہم نے ایٹم بم شب رات کیلئے نہیں رکھا ہوا اور میں بھی بتانا چاہتا ہوں کہ ہم لاکھوں لوگوں کو لے کر اتنی دور صرف اسلام آباد دیکھنے نہیں جارہے ، یہ فیصلہ کن جنگ ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انصاف کی تلاش کے لئے کون سا طریقہ نہیں اپنایا اور اگر کوئی طریقہ رہ گیا ہے تو ہمیں وہ بھی بتا دیاجائے ۔

ملک کا یہ نظام صرف سڑکوں پر بدلے گا ۔ چیف جسٹس کو لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر بحال کرایا تھا پارلیمنٹ نے انہیں بحال نہیں کیا تھا۔ اگر ہم آج باہر نہ نکلے تو دو نمبر لوگ ہمیشہ ہمارے اوپر حکومت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی انتخابی عذر داریاں فائل کیں لیکن یہ کہا کہ صرف چار حلقوں کو دوبارہ کھول دو ، اگر مجھے کوئی میرے حلقے کے بارے میں کہتا ہے تو میں آج ہی اپنے حلقے کوکھولنے کے لئے تیار ہوں ۔

اگر یہ عوامی مینڈیٹ سے آتے تو کبھی بھی حکم امتناعی کے پیچھے نہ چھپ رہے ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ 14اگست کو دھاندلی کی تمام تفصیلات بتاؤں گا کہ کیا ہوا اورکیسے ہوا ؟ اس میں بڑے بڑے نام ملوث تھے اور اوپر سے نیچے تک میچ فکس کرنے کیلئے ٹیم بنائی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جعلی مینڈیٹ کی حکومت ہے ۔ یہ کہا جاتا ہے کہ عمران خان کو وزیر اعظم بننے کا شوق ہے اگر ایسا ہوتا تو ہم افغانستان میں ہونیوالے انتخابات کی طرح پہلے روز ہی نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیتے لیکن ہم نے ملک کی خاطر اسے تسلیم کیا اور قانونی راستہ بھی اپنایا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں 68لاکھ ووٹ لینے والی جماعت نے کیا جادو کیا کہ اسے ایک کروڑ 47لاکھ ووٹ مل گئے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور تیار ہو جائے یہاں سے ہی جنگ شروع ہو گی اور اسکے لئے تیاریاں شروع کر دیں۔ اسلام آباد میں ٹونٹی ٹونٹی نہیں ہوگا بلکہ ٹیسٹ سیریز ہو گی اور ہم فتح یاب ہو کر واپس لوٹیں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات