پنڈ آرائیاں میں مارے جانیوالے دہشتگردوں کے سر غنہ مبینہ ملزم مولوی اسحاق سمیت تین مبینہ دہشتگرد گرفتار ،ملزم نوجوان لڑکوں کو بہلا پھسلا کر دہشتگردی کی تربیت دیتا ہے ،رائیونڈ میں مارے جانیوالے دہشتگردوں کو بھی تربیت دی

جمعرات 24 جولائی 2014 21:42

پنڈ آرائیاں میں مارے جانیوالے دہشتگردوں کے سر غنہ مبینہ ملزم مولوی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء) سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں پنڈ آرائیاں میں مارے جانے والے دہشتگردوں کے سر غنہ مولوی اسحاق سمیت تین مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حساس اداروں نے حجرہ شاہ مقیم اوکاڑہ کے گاؤں چک اٹھارہ ڈی میں کارروائی کرتے ہوئے رائیونڈ آپریشن کے ماسٹر مائنڈ مولوی اسحاق کو گرفتار کرلیا جبکہ حساس اداروں نے ملزم کو نامعلوم مقام پر منتقل کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی۔

ذرائع کے مطابق ملزم نوجوان لڑکوں کو بہلا پھسلا کر دہشتگردی کی تربیت دیتا ہے اور رائیونڈ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دونوں دہشتگردوں کو اسی نے دہشتگردی کی تربیت دی تھی۔ذرائع کے مطابق مولوی اسحاق کے ساتھ صدام اور نوید نامی دو مبینہ دہشتگردوں کو بھی پکڑ لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

تینوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ گرفتار ہونے والے صدام کے مطابق اسی گاؤں کا رہائشی مولوی ذوالفقار نامی شخص اسے ایک سال قبل ورغلا کر ٹریننگ کیلئے کوئٹہ لے گیا اور بیس روز تک پشین میں رکھا ۔

ملزم نے مولوی اسحاق اور مولوی ذوالفقار پر متعدد نوجوانوں کو ورغلانے کا الزام بھی عائد کیا ۔ واضح رہے کہ 18 جولائی کو سکیورٹی فورسز نے وزیراعظم نواز شریف کی رائیونڈ میں رہائشگاہ سے صرف ڈھائی کلو میٹر کے فاصلے پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا تھا ۔