سانحہ ماڈل ٹاؤن ،عدالتی ٹربیونل نے وزیراعلی پنجاب کو مجاز افسر کے ذریعے بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کر دی ،رانا ثناء اللہ ‘ڈاکٹر توقیر شاہ سمیت بیان حلفی دینے والے ایس ایچ اوز اور زخمی پولیس اہلکاروں کو کل جراح کیلئے طلب کر لیاگیا ،منہاج القرآن انتظامیہ کو بیان ریکارڈ کروانے کیلئے کل تک آخری مہلت ،ٹربیونل کی تشکیل کیخلاف ہائیکورٹ کا فل بنچ کل سماعت کریگا،جسٹس باقر علی نجفی نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو موسم گرم کی 4سے 28اگست تک تعطیلات کیلئے درخواست بھی دیدی ‘ نجی ٹی وی

جمعرات 24 جولائی 2014 21:42

سانحہ ماڈل ٹاؤن ،عدالتی ٹربیونل نے وزیراعلی پنجاب کو مجاز افسر کے ذریعے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء) سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنے والے عدالتی ٹربیونل نے وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کو مجاز افسر کے ذریعے کل ( جمعہ )بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کردیجبکہ سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ ‘ وزیر اعلیٰ کے سابق پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ سمیت بیان حلفی دینے والے ایس ایچ اوز اور زخمی پولیس اہلکاروں کو کل ( جمعہ ) کو جراح کیلئے طلب کر لیاگیا ،عدالتی ٹربیونل نے منہاج القرآن انتظامیہ کو بیان ریکارڈ کروانے کیلئے کل تک آخری مہلت دیدی ، ٹربیونل کی کارروائی گزشتہ روز ساڑے 5گھنٹے سے زائد وقت جاری رہی جس میں سابق ایس پی سکیورٹی سلمان علی سے ایک گھنٹے سے زائد وقت بند کمرے میں ٹربیونل نے سوالات کئے ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس باقر علی نجفی کی سربراہی میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل ٹربیونل نے کارروائی کا آغاز کیا تو ایڈیشنل آئی جی رائے الطاف ، ڈی ایس پی گارڈن ٹاؤن کاشف بیگ ، سابق ایس پی ماڈل ٹاؤن طارق عزیز ، سابق ایس پی سکیورٹی سلمان علی ، ایس ایچ او کاہنہ سمیت دیگر ٹربیوبل کے روبرو پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

جوڈیشل ٹربیونل نے رانا ثناء اللہ ،ڈاکٹر توقیر شاہ سمیت بیان حلفی دینے والے تمام ایس ایچ اوز کو کل ( جمعہ ) کو جراح کے لئے طلب کرلیا جبکہ منہاج القرآن انتظامیہ کو بیان ریکارڈ کروانے کیلئے کل ( جمعہ ) کے لئے آخری مہلت دیدی جبکہ ٹربیونل نے کیس کی مزید کل ( جمعہ ) تک ملتوی کر دی ۔

نجی ٹی وی کے مطابق عدالتی ٹریبونل نے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کردی۔انکوائری ٹریبونل نے واقعے سے متعلق وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیان حلفی مجاز افسر کے ذریعے 25 جولائی تک جمع کرایا جائے۔ علاوہ ازیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنے والے عدالتی ٹربیونل کے خلاف لاہو رہائیکورٹ کا فل بنچ کل سے سماعت کا آغاز کرے گا ۔نجی ٹی وی کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنے والے عدالتی ٹربیونل کے سربراہ جسٹس باقر علی نجفی نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو موسم گرم کی 4سے 28اگست تک تعطیلات کے لئے درخواست بھی دیدی ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق ٹربیونل کی کارروائی 26جولائی تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔